1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھ ارب سے زائد لوگ بدعنوان ممالک میں آباد

افسر اعوان خبر رساں ادارے
22 فروری 2018

ایک تازہ رپورٹ میں دو تہائی سے زائد ممالک کو بدعنوانی کے حوالے سے تیار کیے گئے انڈیکس میں بُری کارکردگی کے خانے میں رکھا گیا ہے۔ اس طرح دنیا کی اکثریت ایسے ممالک میں رہ رہی ہے جنہیں کرپٹ یا بدعنوان قرار دیا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2t87O
(Sperrfrist 21.02.2018 19:00) Infografik Corruption Perceptions Index 2017 ENG

بدعنوانی کے خلاف سرگرم بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے ہر سال دنیا کے مختلف ممالک میں بدعنوانی کے درجے کے لحاظ سے سالانہ ’’کرپشن پرسیپشنز انڈیکس‘‘ (CDI) جاری کیا جاتا ہے۔ اس انڈیکس کے مطابق بہترین اسکور 100 پوائنٹس ہے جبکہ کم ترین اسکور زیرو ہے۔ سال 2017ء کے لیے جاری کیے جانے والے سی ڈی انڈیکس کے مطابق عالمی اوسط اسکور محض 43 رہا جبکہ دنیا کے 69 فیصد ممالک 50 سے بھی کم پوائنٹس حاصل کر پائے۔

Infografik Karte Korruptionsindex ENG
2016ء کے انڈیکس میں ڈنمارک کم ترین بدعنوان ملک قرار پایا تھا۔

اس رپورٹ کی ریلیز کے ساتھ جاری کیے جانے والے بروشر میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے، ’’اس کا مطلب ہے کہ چھ ارب سے زائد لوگ ایسے ممالک میں رہ رہے ہیں جو بدعنوان ہیں۔‘‘ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کے نتائج پریشان کُن ہیں جبکہ حکومتوں کی اکثریت کرپشن یا بدعنوانی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بہت ہی سست روی سے اقدامات کر رہی ہیں۔

جن عوامل کی بنیاد پر یہ انڈیکس ترتیب دیا گیا ہے ان میں آزادیء صحافت، آزادیء اظہار اور مختلف اداروں کی صورتحال شامل ہے کہ وہ حکومتی اثر کے بغیر کس قدر آزادی سے کام کر رہے ہیں۔ سی ڈی آئی میں دنیا کے 180 ممالک کو وہاں پر حکومتی اداروں میں بدعنوانی کی سطح کے لحاظ سے زیرو سے ایک سو کے درمیان اسکور دیا جاتا ہے۔

2017ء کے ’کرپشن پرسیپشنز انڈیکس‘ میں کوئی بھی ملک مکمل اسکور حاصل نہیں کر سکا تاہم اس فہرست میں کم ترین بدعنوانی کا حامل ملک نیوزی لینڈ ہے جس کا مطلب ہے کہ اس کے شہریوں کو کم ترین بدعنوانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گزشتہ برس کے سی ڈی آئی پر  اس کا اسکور 89 رہا۔ اس کے قریب ترین ملک ناروے کا اسکور 88 ہے۔ اسکینڈے نیویا کے ممالک اس فہرست میں ٹاپ ٹین پوزیشنز میں شامل ہیں۔ جرمنی اس فہرست میں 81 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں پوزیشن پر ہے۔

سی ڈی آئی 2017ء میں کم ترین اسکور کے حامل یعنی بدعنوان ترین ممالک شام، جنوبی سوڈان اور صومالیہ رہے اور ان کا اس انڈیکس پر اسکور بالتریب 14، 12، اور نو رہے۔

اس انڈیکس میں پاکستان 32 پوائنٹس کے ساتھ 122 ویں نمبر پر پے جبکہ بھارت 40 پوائنٹس کے ساتھ 81ویں نمبر پر ہے۔ بنگلہ کے پوائنٹس 28 ہیں اور وہ اس انڈیکس میں 143ویں نمبر پر ہے۔