1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چوری کے الزام میں ایئر فرانس کی سٹیورڈس گرفتار

21 جولائی 2010

دنیا کے کئی ہوائی اڈوں پر مسافروں کا سامان چوری ہونے کے واقعات تو ایک عام سی بات ہے۔ فرانس کی قومی فضائی کپمنی ایئر فرانس کی ایک سٹیورڈس کی جانب سے دوران پرواز سامان اور دیگر قیمتی اشیاء چرانے کا واقعہ کچھ انوکھا سا ہے۔

https://p.dw.com/p/OQhJ
سٹیورڈس نے سوتے ہوئے مسافروں کے سامان سے چوری کی تھیتصویر: AP

فرانسیسی پولیس نے ایئر فرانس کی ایک سٹیورڈس کو چور ی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ فرانس کے ایک مقامی اخبار کے مطابق اس خاتون سٹیورڈس پر، لمبے فاصلے کی پروازوں کے دوران سو جانے والے مسافروں کے سامان سے نقدی، کریڈٹ کارڈز اور زیورات کے چوری کا الزام ہے۔

فرانسیسی پولیس کو گزشتہ کئی مہینوں سے فرانس سے مشرق بعید کے ملکوں کو جانے والے پروازوں میں چوری کے واقعات کی رپورٹس مل رہی تھیں۔ اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں اور آخر کار ایک47 سالہ سٹیورڈس کو اس الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ فرانسیسی اخبار لی فیگارو کے مطابق خاتون کا نام لوسی آر ہے اور یہ جمعے کو ٹوکیو سے پیرس کی پرواز میں خدمات انجام دے رہی تھی۔

Air France Airbus F-GZCP
فرانسیسی پولیس فرانس سے مشرق بعید کو جانے والے پروازوں میں چوری کے واقعات کی رپورٹس مل رہی تھیں

رواں سال جنوری میں پولیس نے اس وقت تفتیش کا آغاز کیا، جب پانچ مسافروں کے تقریبا چار ہزار یورو چوری ہوئے۔ چور نے سوتے ہوئے مسافروں کے سامان سے یورو، ین اور فرانک کے علاوہ گھڑیاں، زیورات اور کریڈٹ کارڈز، حتی کہ چیک بکس تک چوری کرلی تھیں۔ پولیس کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک مختلف پروازوں میں چوری کے 140 واقعات پیش آئے۔ جاپان سے تعلق رکھنے والے مسافر آسانی سے اس چور کا شکار بنتے تھے کیونکہ وہ کیش یا نقد رقم لے کر سفر کرتے ہیں۔

فرانسیسی پولیس کے مطابق بزنس کلاس میں کام کرنے والی اس سٹیورڈس نے اب تک 26 چوریوں کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے اکاؤنٹ کی تفصیلات دیکھ کر معلوم ہوا کہ اس کے معیار زندگی اور اس کی کمائی میں زمین آسمان کا فرق تھا۔ لوسی آر نے بتایا کہ اس نے مالی مشکلات سے نجات پانے کے لئے مارچ 2009 ء سے چوری کرنا شروع کی تھی۔ پولیس کو اس کے گھر سے ٹریولرز چیکس اور بینک کارڈز بھی ملے ہیں۔

رپورٹ : بریخنا صابر

ادارت : عدنان اسحاق