1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چاقو سے حملہ کرنے والی فلسطینی خاتون زخمی

1 دسمبر 2014

مغربی کنارے کے جنوب میں ایک اسرائیلی شہری پر چاقو سے حملہ کرنے والے فلسطینی خاتون اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Dxdx
تصویر: Reuters//R. Zvulun

پیر کے روز یہ واقعہ مغربی کنارے میں اس وقت پیش آیا، جب اس فلسطینی خاتون نے چاقو اسے ایک عام اسرائیلی شہری پر حملہ کر دیا۔ فوج کے مطابق زخمی فلسطینی خاتون کو ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے، تاہم یہ خاتون شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچی ہے۔ چاقو حملے میں اسرائیلی شہری معمولی زخمی ہوا اور اسے موقع پر ہی طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فلسطینیوں کو اس بات کے خدشات ہیں کہ اسرائیلی حکومت یروشلم میں واقع مسلمانوں اور یہودیوں کے مشترکہ مقدس مقامات پر یہودی زائرین کو عبادت کرنے کی اجازت دینا چاہتی ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ یروشلم میں ان مذہبی مقامات پر اسرائیلی حکومت نے یہودی زائرین کو عبادت کرنے سے روکنے کا ضابطہ بنا رکھا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بينجمن نیتن یاہو ان دعووں کو مسلسل مسترد کرتے آئے ہیں، تاہم حکومت میں شامل بعض قدامت پسند وزراء یہ کہتے آئے ہیں کہ حکومت یروشلم میں بعض مقامات پر یہودیوں کو عبادت کی اجازت دینے پر غور کر رہی ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ یہودیوں کے لیے ٹیمپل ماؤنٹ اور مسلمانوں کے لیے بیت المقدس کہلانے والا یہ مقام دونوں مذاہب کے ماننے والوں کے لیے انتہائی مقدس سمجھا جاتا ہے۔ یہودی ٹیمپل ماؤنٹ کو اپنا سب سے مقدس جب کہ مسلمان مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بعد اس جگہ کو تیسرا سب سے مقدس مقام سمجھتے ہیں۔

گزشتہ چھ ہفتوں میں اس کشیدگی کے تناظر میں پانچ مختلف حملوں میں 11 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت یروشلم میں ہونے والے حملوں کا نشانہ بنی۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے اور تل ابیب میں بھی یہودیوں پر حملے کیے گئے۔ يہ حملے کرنے والے پانچ فلسطینی شہری اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔