1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چائلڈ لیبر آٹھ سال میں ختم کر دی جائے، آئی ایل او

افسر اعوان خبر رساں ادارے
15 نومبر 2017

عالمی ادارہ محنت نے زور دیا ہے کہ بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کی جائیں اور آٹھ برسوں کے اندر اندر اس کا خاتمہ کیا جائے۔ اس تنظیم کے مطابق دنیا میں ہر دسواں بچہ چائلڈ لیبر کا شکار ہے۔

https://p.dw.com/p/2nfGD
Indien Kinderarbeit Junge KFZ-Mechanker
تصویر: Getty Images/AFP/C. Mao

عالمی ادارہ محنت (ILO) کے ڈائریکٹر جنرل گائے رائڈر نے منگل 14 نومبر کو خبردار کیا کہ دنیا بھر میں ہر دس میں سے ایک بچہ چائلڈ لیبر کا شکار ہے اور ان میں قریب نصف بچے خطرناک کام سر انجام دے رہے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دنیا کی 28 سب سے بڑی کمپنیوں میں سے نصف کوبالٹ نامی دھات کا استعمال کر رہے ہیں اور یہ دھات بچے ہی کانوں سے نکالتے ہیں۔

ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رائڈر نے یہ بات تسلیم کی کہ 1990ء کی دہائی سے اب تک ایسے بچوں کی تعداد میں 100 ملین کی کمی واقع ہو چکی ہے جو چائلڈ لیبر کا شکار ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تبدیلی کی اس شرح میں خاص طور پر حالیہ برسوں کے دوران کمی واقع ہوئی ہے۔ رائڈر کے مطابق، ’’ہم یہ پیشگوئی تو نہیں کر سکتے کہ روزگار کی منڈی مستقبل میں کیسے تبدیل ہو گی، لیکن ہمیں ایک چیز معلوم ہے: ہم مزید چائلڈ لیبر نہیں چاہتے اور نہ ہی جدید غلامی۔‘‘

عالمی ادارہ محنت کی طرف سے جاری کردہ تازہ اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں کم عمر ورکرز کی تعداد 152 ملین ہے جبکہ ان میں 25 ملین بچے جبری مشقت کا شکار ہیں۔ منگل کے روز ارجنٹائن میں اس نوعیت کی ہونے والی چوتھی کانفرنس میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کا ہدف 2025ء مقرر کیا گیا۔

International Labour Organization Logo
عالمی ادارہ محنت کی طرف سے جاری کردہ تازہ اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں کم عمر ورکرز کی تعداد 152 ملین ہے جبکہ ان میں 25 ملین بچے جبری مشقت کا شکار ہیںتصویر: picture-alliance/maxppp/V. Isore

آئی ایل اور کے سربراہ گائے رائڈر کی طرف سے یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ دنیا کی 28 بڑی کمپنیوں میں سے قریب نصف کوبالٹ نامی دھات استعمال کر رہی ہیں۔ بیٹریوں میں استعمال ہونے والی یہ دھات افریقی ملک کانگو میں کم عمر بچے کان کنی کے ذریعے نکالتے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ، رینو اور چین کی ہووا وائے کمپنی بھی چائلڈ لیبر سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

انسانی حقوق کی اس عالمی تنظیم کے مطابق سات برس تک کی عمر کے بچے کوبالٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنی زندگیاں اور صحت داؤ پر لگا رہے ہیں۔ الیکٹرک کاروں کی بیٹریوں، اسمارٹ فونز اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں کوبالٹ کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔