1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیرس سے نیویارک کا سفر صرف تین گھنٹے میں

7 اپریل 2018

یہ ہوائی جہاز پندرہ سو تیرہ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکے گا۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ناسا کے مطابق دوران پرواز اس طیارے کی صرف اتنی ہی آواز پیدا ہو گی، جتنی کہ کسی گاڑی کا دروازہ بند کرنے سے پیدا ہوتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2vdxR
NASA Computergrafik X-plane
تصویر: picture-alliance/NASA/Lockheed Martin

آواز سے بھی تیز رفتار طیارہ اور وہ بھی سُپر سونک شور کے بغیر۔ امریکی ادارہ لاک ہیڈ مارٹن  اب کنکارڈ طیارے کا نیا اور جدید ترین ماڈل مارکیٹ میں لے کر آئے گا۔ یہ آرڈر امریکی خلائی ادارے ناسا کی طرف سے دیا گیا ہے اور سن 2021 تک اسے تیار کر لیا جائے گا۔

لاک ہیڈ مارٹن نے ناسا کے لیے سُپر سانک طیارہ تیار کرنے کا منصوبہ ایک طویل عرصے سے بنا رکھا تھا لیکن اب اس کی باقاعدہ تیاری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ واشنگٹن میں ناسا کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اب اس طرح کے طیارے کو ٹیسٹ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ یہ نیا ’ایکس‘ نامی طیارہ آواز کی رفتار سے بھی تیز اڑے گا اور اس کا شور انتہائی کم ہو گا۔ یہ تقریبا سترہ یا اس سے زائد کلومیٹر بلندی پر پرواز کرے گا۔ اس طیارے کے ذریعے پیرس سے نیویارک کا سفر صرف تین گھنٹے میں طے کر لیا جائے گا۔

USA | NASA beauftragt Lockhead Martin mit Bau des X-Plane
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS

بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے تیز رفتار اور کم آواز طیارے کو مستقبل میں آبادی والے علاقوں کے اوپر سے بھی گزارا جا سکے گا۔ اگر جہاز آواز کی رفتار سے بھی تیز پرواز کرے تو سُپر سونک شور پیدا ہوتا ہے، جو انسان کے لیے خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔ لیکن اب اس مسئلے پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔

ناسا کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس نئے طیارے کا شور صرف 75 پریسیوڈ لیول ڈیسیبل تک ہو گا۔ ایسی نوعیت کے بنائے گئے پہلے کنکارڈ طیارے کا شور 105 پی ایل ڈی بی تھا۔ پہلا سُپر سونک کنکارڈ طیارہ پرواز کے محض دو منٹ بعد ہی ایک المناک حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔

اس حادثے میں 113 افراد ہلاک ہوئے تھے اور یہی المناک واقعہ کنکارڈ طیاروں کی کمرشل پرازوں کے لیے استعمال کے خاتمے کی وجہ بھی بنا تھا۔ پچیس جولائی سن 2000 کے روز اس پرواز کے لیے ایک جرمن جہازراں ادارے نے یہ کنکارڈ چارٹر کروایا تھا۔ سو مسافروں کو پیرس سے نیویارک پہنچایا جانا تھا، جہاں سے انہیں تفریحی بحری سفر کے لیے بحیرہ کیریبین کے علاقے تک جانا تھا۔

USA | NASA beauftragt Lockhead Martin mit Bau des X-Plane
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS

امریکا میں’ایکس طیارے‘ ماضی میں نئی ٹیکنالوجی کے لیے تجرباتی طور پر بھی استعمال کیے جا چکے ہیں لیکن اس حوالے سے انتہائی کم معلومات ہی منظر عام پر لائی گئی ہیں۔ اب اس نئے جہاز کی تیاری کے لیے امریکی صدر نے گزشتہ ماہ ہی فنڈز فراہم کیے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نئے جہازوں سے سفری وقت نصف ہو جائے گا۔ اس وقت دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں آواز سے بھی تیز طیارے بنانے کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔

آئی اے/ اے ٹی