1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیرا ملٹری اکیڈمی پر حملہ اسامہ کے ’قتل‘ کا بدلہ ہے، طالبان

13 مئی 2011

پاکستانی طالبان نے چارسدہ میں پیرا ملٹری ٹریننگ سینٹر پر دوہرے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کا بدلہ قرار دیا ہے۔ اس حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/11FB4
تصویر: picture-alliance/dpa

پاکستانی طالبان کے ایک ترجمان نے خبر رساں اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چارسدہ میں فرنٹیئر کور کے تربیتی مرکز پر حملہ ان کے ساتھیوں نے کیا۔ طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ایک نامعلوم مقام سے فون کرتے ہوئے مزید کہا: ’’ یہ اسامہ بن لادن کی شہادت کا پہلا بدلہ ہے۔ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘‘

چارسدہ میں قائم پیرا ملٹری فورس کے ٹریننگ سینٹر پر آج صبح ہونے والے دوہرے خود کش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

Anschlag auf Polizeitrainingcenter in Peschawar Pakistan
طالبان کی طرف سے پشاور میں فوجی بھرتی کے دفتر پر حملے میں 31 افراد ہلاک ہوگئے تھےتصویر: DW

ضلع چارسدہ کے پولیس چیف نثار مروت نے قبل ازیں روئٹرز کو بتایا، ’ہلاکتوں کی تعداد اب 70 ہو چکی ہے۔ یہ خودکش حملہ تھا۔‘ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں 65 پیرا ملٹری اہلکار ہیں جبکہ پانچ شہری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دوہرا بم حملہ تھا۔ پولیس اہلکار ضیا اللہ نے روئٹرز کو بتایا: ’’متعدد افراد شدید زخمی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔‘‘

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ایبٹ آباد میں ایک خفیہ امریکی آپریشن کے دوران دو مئی کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں یہ پہلا بڑا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ القاعدہ اور اس سے وابستہ گروپوں نے لادن کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں