1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی ایس ایل فائنل: کرکٹ کے ہزاروں پرستار ٹکٹوں کے لیے خوار

عاصمہ کنڈی
1 مارچ 2017

قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کو دیکھنے کے خواہش مند، کرکٹ کے ہزاروں پرستار ٹکٹ خریدنے کے لیے لاہور میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔ میچ کے آن لائن ٹکٹ بدھ کی صبح چند گھنٹوں میں ہی  فروخت ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/2YTu8
Pakistan Lahore - Ticketschlange für Cricketspiele der Pakistan Super League
پانچ سو روپے والے ٹکٹوں کی فروخت ہاتھوں ہاتھ ہو جانے کے باعث زیادہ تر افراد  کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑاتصویر: DW/T. Saeed

 پی ایس ایل انتظامیہ نے فائنل دیکھنے والوں کےلیے 500 سے 12000 روپے تک  کے ٹکٹ فروخت کے لیے جاری کیے تھے۔ تاہم  بینک آف پنجاب کی 15 شاخوں پر ٹکٹوں کے حصول کےلیے دن بھر لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں اور شدید بدنظمی اور افراتفری دیکھنے میں آئی۔

سرفراز نواز اور سعید انور انکلوژر کے 500 روپے والے سب سے سستے ٹکٹوں کی فروخت ہاتھوں ہاتھ ہو جانے کے باعث زیادہ تر افراد  کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں علامہ اقبال ٹاؤن، ایجرٹن روڈ، ماڈل ٹاؤن، کینٹ اور ڈیفنس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں شائقینِ کرکٹ ٹکٹوں کی عدم دستیابی  کا سبب بینک کے عملے اور پی سی بی کو قرار دیتے رہے۔ پنجاب بینک کے مین بلیوارڈ گلبرگ میں واقع مرکزی دفتر کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

 وہاں قطار میں مایوس کھڑے ایک نوجوان محمد مدنی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’ میں بہاولپور سے ٹکٹ خریدنے لاہور آیا ہوں اور اب تک بینک کی دس برانچوں سے رابطہ کر  چکا ہوں لیکن دھکوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔ ہم میچ میں جذبہ دکھا کردہشت گردوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں لیکن پی سی بی کو عوامی جذبات کی کوئی پروا نہیں۔‘‘

   وہیں موجود انجینئرنگ یونیورسٹی کے ایک طالبعلم محمد مکرم کا کہنا تھا ،’’ بینک والے کہہ رہے ہیں کہ  500 روپے والا ٹکٹ ختم ہو چکا ہے، اب  4000 ہزار روپے والا  ٹکٹ مِل سکتا ہے لیکن اسکے لیے مجھے پہلے گھر والوں سے اجازت لینی پڑے گی۔‘‘

Lahore Pakistan - Cricket Ticket für PSL
پی ایس ایل انتظامیہ نے فائنل دیکھنے والوں کےلیے 500 سے 12000 روپے تک  کے ٹکٹ فروخت کے لیے جاری کیے تھےتصویر: DW/T. Saeed

صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے کرک سے محمد شاہد کو بھی پی ایس ایل کی کشش لاہور کھینچ لائی ہے تاہم  سستا ٹکٹ نہ ملنے پر وہ سخت پریشان تھے۔ شاہد نے بتایا کہ وہ محنت مزدوری کرتے ہیں اور 3500 روپے لیکر لاہور آئے تھے۔ شاہد نے مزید کہا، ’’ 1000 روپے میں پہلے ہی خرچ کر چکا ہوں بینک والے ٹکٹ نہیں دے رہے اس لیے اب 500 والا ٹکٹ بلیک میں خریدنے کی کوشش کروں گا۔‘‘

بینک کے دروازے پر بھیرہ سے آئی ہوئی ایک خاتون سعدیہ بی بی نے دھرنا دے رکھا تھا۔ ڈی ڈبلیو کے استفسار  پر سعدیہ نے بتایا کہ وہ اپنے 13 سالہ بیٹے طحٰہ حسین کی ضد سے مجبور ہو کر ٹکٹ خریدنے لاہور آئی ہیں۔ انہوں نے کہا ،’’ میں خود بھی کرکٹ کی شوقین ہوں اور ہم نے کل رات بھیرہ میں پی ایس ایل کا پہلا پلے آف میچ گھر پر دیکھا جس میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی شاہد آفریدی کی ٹیم کو ہارتا دیکھ کر طحٰہ زارو قطار روتا رہا۔ اب میں اسے ٹکٹ دلانے کی شرط پر بہلا پھسلا کر لمبا سفر کرکے لاہور آئی ہوں اور ٹکٹ حاصل کیے بغیر واپس نہیں جا سکتی۔‘‘

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 27،000 ہزار تماشائی سما سکتے ہیں لیکن معلوم ہوا کہ پی سی بی نے  فروخت کے لیے نصف سے بھی کم ٹکٹ دیے ہیں۔ اسٹیڈیم کے چار انکلوژر حکومتِ پنجاب اور ایک سیکورٹی ادارے کے لیے مختص کر دیا گیا ہے  جبکہ باقی ماندہ ٹکٹ پی ایس ایل کی پانچوں فرنچائز ٹیموں اور اسپانسرز کو بھجوائے جا رہے ہیں۔

Pakistan Lahore - Qadaffi Stadion
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 27،000 ہزار تماشائی سما سکتے ہیں تصویر: DW/T. Saeed

دوسری جانب آج بروز بدھ  قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فوج اور پولیس نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے سرچ آپریشن کیا۔ اسٹیڈیم جانیوالے چاروں راستے دن بھر بند رہے اور صحافیوں کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سہ پہر کو ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل اظہر نوید نے اسٹیڈیم کی نواحی آبادیوں کا خود دورہ کیا۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے مطابق میچ کے دن تماشائیوں کی سہولت کےلیے شٹل سروس چلائی جائے گی۔

  فائنل کے لئے کوالیفائی کرنےوالی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جمعرات کی صبح دبئی سے کراچی پہنچ رہی ہے۔ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور اور ویسٹ انڈیز کے سابق شہرہ آفاق کرکٹر ویوین رچرڈ بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں۔ بتایا گیا ہے وزیر اعظم میاں نواز شریف بھی پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے قذافی اسٹیڈیم آئیں گے۔

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔