1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی آئی اے کے ایم ڈی اعجاز ہارون مستعفی

12 فروری 2011

پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر اعجاز ہارون اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہون نے یہ فیصلہ پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی طرف سے پُر زور احتجاج کے نتیجے میں کیا۔

https://p.dw.com/p/10GCZ
تصویر: AP

یہ احتجاج چار روز تک جاری رہنے کے بعد اعجاز ہارون کے مستعفی ہونے کے اعلان کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔

پاکستان کے وزیر دفاع احمد مختار نے اعجاز ہارون کے مستعفی ہونے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے جمعہ کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب پی آئی اے کے لئے ایک نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری ہوگی۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے منیجنگ ڈائریکٹر کا استعفیٰ ہی دراصل پی آئی کے عملے کی طرف سے کی جانے والی ہڑتال اور احتجاج کے مطالبات میں سب سے اہم نکتہ تھا۔

Schweden Flugzeug Bombendrohung Notlandung
پی آئی اے کا طیارہ بوئنگ 777تصویر: AP

PIA کے ملازمین کی ہڑتال کے نتیجے میں گزشتہ منگل کو اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مظاہرے کرنے والے ملازمین کی طرف سے ہنگامہ آرائی اس حد تک ہوئی کہ حالات پولیس اور ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے کنٹرول سے باہر ہو گئے اور آخر کار رینجرز کو طلب کر لیا گیا تھا۔ پی آئی اے ملازمین کی نمائندہ تنظیموں کے اتحاد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نہ صرف اسلام آباد، کراچی اور پشاور میں شدید احتجاج کیا بلکہ ان شہروں کے ہوائی اڈوں پر کام کرنے والے دیگر عملے کو بھی زبردستی کام سے روکے رکھا تھا۔ مظاہرین نے رن وے پر پروازوں کو روکنے کی بھی کوششیں کی تھیں، جس کے نتیجے میں 400 پروازیں منسوخ ہوئیں اور 60 ہزار مسافر متاثر ہوئے۔

دریں اثناء احمد مختار نے کہا ہے کہ مظاہرین کے تمام تر مطالبات مان لئے گئے ہیں۔ مظاہرین نے ترکش ایئر لائن کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو ختم کرنے، معطل یا برطرف شدہ ملازمین کی بحالی اور پی آئی اے کے ایم ڈی اعجاز ہارون کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔ پی آئی اے حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے ترکش ایئر لائن کے ساتھ ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں کیا ہے۔ احمد مختار نے کہا، ’ نہ ہی میں نے نہ ہی کسی اور وزیر مملکت نے ترکش ائیر لائن کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو دیکھا ہے۔ حکومت کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرے گی جو ملک اور قومی ائیر لائن کے خلاف ہو۔‘

Flugzeugabsturz in Amsterdam
ترکش آئر لائن کا ایک طیارہ ایمسٹر ڈیم میں حادثے کا شکارتصویر: picture-alliance/ dpa

اُدھر اس بحران کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات میں شامل پاکستان ائیر لائن کے پائلٹس کی ایسوسی ایشن کے صدر سہیل بلوچ نے گزشتہ شب پروازوں کی بحالی اور ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

پی آئی اے حکام نے کہا ہے کہ گزشتہ منگل سے شروع ہو کر چار روز تک جاری رہنے والی اس ہڑتال میں جو 400 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں اُن میں سے 75 شمالی افریقہ اور یورپ کے لیے شیڈول بین الاقوامی تھیں۔

قیل ازیں کراچی کے قائد اعظم انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں جمعہ کو احتجاج کرنے والے 20 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں