1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پی آئی اے نے’اے ٹی آر‘ طیارے گراؤنڈ کر دیے

12 دسمبر 2016

پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے نے ’ اے ٹی آر‘ طرز کے تمام طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ابھی گزشتہ روز اے ٹی آر کی ایک اور پرواز حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئی۔

https://p.dw.com/p/2U7UW
Pakistan International Airlines ATR 42
تصویر: picture-alliance/dpa/W. Khan

پاکستان انٹرنیشنل ایر لائنز کے مطابق اتوار کے روز ملتان سے کراچی جانے والی پرواز تکنیکی خراجی کی وجہ سے اس وقت منسوخ کر دی گئی، جب وہ اڑان کے لیے بالکل تیار تھی۔ پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد اے ٹی آر کو واپس پارکنگ میں کھڑا کر دیا گیا۔

 ان کے بقول ان طیاروں کو عارضی طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملتان سے کراچی کی ایک پرواز طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ سے منسوخ کی گئی تھی۔ دانیال گیلانی نے ان خبروں کو مسترد کر دیا۔

Pakistan International Airline PIA
تصویر: Getty Images/AFP/R. Tabassum

ابھی گزشتہ ہفتے ہی چترال سے اسلام آباد جانے والا ایک اے ٹی آر طرز کا جہاز حویلیاں کے پاس گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس واقعے میں سینتالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے کے بعد سے پی آئی اے پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ پی آئی اے کے پاس اے ٹی آر 42 اور اے ٹی آر 72  طرز کے کل دس طیارے ہیں اور یہ زیادہ تر چھوٹے شہروں کے لیے پرواز کرتے ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے سے اے ٹی آر طرز کے تمام جہازوں کے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کرانے کے لیے کہا ہے۔ اس تناظر میں گیلانی کا کہنا تھا، ’’سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فیصلے کی روشنی میں پی آئی اے کے تمام اے ٹی آرز کے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کرائے جائیں گے اور ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ہی اے ٹی آرز کو پرواز کی اجازت دی جائے گی۔‘‘

فرانس کے اے ٹی آر 42 طرز کے اس جہاز کے دو ٹربو انجن ہوتے ہیں اور اس میں 48 مسافر تک سفر کر سکتے ہیں۔ یہ جہاز ہموار اور نا ہموار سطح سے اڑنے اور اترنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس جہاز کے انجن امریکی کمپنی Pratt & Whitney کے تیار کردہ ہیں۔ چترال سے اسلام آباد کی پرواز کے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور شاید اسی وجہ سے  اے ٹی آر کی جانب سے اس تناظر میں ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔