1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پِلزن اور مونز: سن 2015 ءکے یورپ کا ثقافتی کیپیٹل

9 ستمبر 2010

یورپی یونین کی جانب سے یورپ کے مختلف ملکوں کے چھوٹے بڑے شہروں کو ثقافتی کیپیٹل نامزد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کا ایک بنیادی مقصد یورپی ملکوں کے اندر ثقافتی، سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے۔

https://p.dw.com/p/P7Mc
تصویر: DW

یورپی یونین نے بدھ کو اپنی ایک خصوصی میٹنگ میں سن 2015 ءکے لئے ثقافتی دارالحکومتوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ سن 2015 ء میں چیک جمہوریہ کے مغربی شہر پِلزن (Pilsen)کو منتخب کیا گیا ہے۔ پِلزن کی ایک بڑی وجہٴ شہرت بیئر سازی ہے۔ اس اعزاز میں پِلزن کا حصہ دار بیلجیم کا ایک شہر مونز (Mons) ہو گا۔ یورپی یونین کی کمیٹی کے سربراہی سر رابرٹ سکاٹ کر رہے تھے۔ کسی بھی یورپی شہر کو کلچرل کیپٹل بننے کا اعزاز ایک سال کے لئے حاصل ہوتا ہے۔

چیک جمہوریہ کا شہر پِلزن خاصی گہما گہمی والا شہر ہے۔ اس کی آبادی پونے دو لاکھ کے قریب ہے۔ مزاج کے اعتبار سے یہ قدامت پسند شہر خیال کیا جاتا ہے۔ ثقافتی دارالحکومت کے انتخاب میں پِلزن کو اپنے ملک کے ایک اور شہر اوسٹاراوا کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا تھا۔ پِلزن شہر کے انتخاب میں کیتھولک عقیدے کے روحانی سربراہ پوپ بینیڈکٹ سولہ کے استحسانی کلمات بھی اہم خیال کئے جا رہے ہیں۔ پِلزن کی بیئر سازی تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور یورپ میں ایک جداگانہ ذائقے کی وجہ سے مشہور ہے۔

Wahlen Belgien 2010
بیلجیم کے شہر مونز کا ایک بک سٹالتصویر: AP

بیلجیم کا شہر مونز (Mons) فرانسیسی زبان بولنے والے جنوبی حصے والونیا میں واقع ہے۔ اس کو ابتدائی شہرت پہلے بھی حاصل تھی لیکن پہلی عالمی جنگ کی شروعات میں پہلی لڑائی اس شہر کے قرب میں لڑی گئی تھی جو آج بھی جنگ مونز (Mons) کے نام سے مشہور ہے۔ برطانوی فوج کو شکست دے کر شہر پر جرمن فوج نے قبضہ کر لیا تھا۔ اس شہر کے اندر کئی تاریخی مقامات ہیں۔ شہر میں سال کے مختلف موسموں میں کئی ثقافتی سرگرمیاں خاصی شہرت کی حامل ہیں۔

یورپ کے اندر ثقافتی کیپیٹل قائم کرنے کا تصور سن 1985ء میں اطالوی اداکارہ اور اس وقت کی وزیر ثقافت Melina Mercouri نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاک لانگ کے ساتھ مل کر پیش کیا تھا۔ اس مناسبت سے سب سے پہلے یونان کا دارالحکومت ایتھنز منتخب کیا گیا اور اگلے سال فرانسیسی شہر فلورنس کو یہ اعزاز دیا گیا۔ اس کے بعد یہ روایت بن گئی اور یورپ کے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ اب چھوٹے مگر اہم حیثیت کے حامل شہروں کا انتخاب بھی کیا جا رہا ہے۔ سن 2010 ءکے لئے تین شہر منتخب ہیں۔ ان میں جرمن شہر ایسن کے ہمراہ ترکی کا قدیمی شہر استنبول اور ہنگری کا ثقافتی شہر ’’پیچ‘‘ شامل ہیں۔ سن 2011 ء میں یورپ کے ثقافتی کیپٹل کا اعزاز فن لینڈ کے شہر تُرکُو اور ایسٹونیا کے شہر تالین کو دیا گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں