1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پناہ گزینوں کے مرکز میں آگ، ہلاک ہونے والی خاتون نے لگائی

شمشیر حیدر ای پی ڈی
13 اگست 2017

تارکین وطن کی رہائش گاہ کو لگنے والی آگ کے اس واقعے کی تحقیق کرنے والے اہلکاروں کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون نے خودکشی کرنے کی غرض سے اپنے کمرے میں خود ہی آگ لگائی تھی، جس نے بعد ازاں عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2i8mg
Brand im Flüchtlingsheim Berlin-Buch
تصویر: picture-alliance/dpa/J.Carstensen

وفاقی جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے ایک چھوٹے سے شہر باڈ ڈریبرگ میں مہاجرین کو فراہم کی گئی ایک رہائش گاہ میں جمعہ گیارہ اگست کے روز آگ لگنے کے ایک واقعے میں ایک اٹھائیس سالہ مہاجر خاتون ہلاک ہو گئی تھی۔ مقامی حکام کے مطابق جھلس کر ہلاک ہونے والی مہاجر خاتون کا تعلق البانیا سے تھا۔

سویڈن: مہاجرین اب خیموں میں رہیں گے

وہ جرمن شہر، جہاں مہاجرین کو گھر بھی ملتا ہے اور روزگار بھی

ہفتہ بارہ اگست کی شام مقامی پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مہاجرین کی رہائش گاہ کو لگنے والی آگ میں کسی دائیں بازو کے شدت پسند شخص یا گروہ کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے اور نہ ہی یہ آگ کسی فنی خرابی کے باعث لگی تھی۔

اس واقعے کی تحقیقات کے بعد پولیس حتمی طور پر اسی نتیجے پہنچی کہ ہلاک ہونے والے مہاجر خاتون نے خودکشی کی غرض سے آگ لگائی تھی۔ پولیس کے مطابق آگ لگانے سے قبل اس نوجوان مہاجر خاتون نے اپنے موبائل فون سے بھیجے گئے ایک پیغام میں بھی خودکشی کرنے کا ذکر کیا تھا۔

مہاجرین کو فراہم کردہ اس رہائش گاہ میں جمعے کے روز عمارت کی دوسری منزل میں آگ لگی تھی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ امدادی کارکنوں نے عمارت میں مقیم نوے سے زائد تارکین وطن کو بحفاظت عمارت سے نکال لیا تھا تاہم نوجوان مہاجر خاتون ہلاک ہو گئی تھی۔

 

امدادی کارروائیوں میں ایک سو چھپیس اہلکاروں نے حصہ لیا جنہوں نے کئی گھنٹوں بعد آگ پر قابو پا لیا۔ اس واقعے میں مہاجرین کے کیمپ میں کام کرنے والے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق اب یہ عمارت رہائش کے قابل نہیں رہی اور تمام مہاجرین کو عارضی طور پر دوسرے کیمپ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اٹلی کی مہاجرین کو واپس بھیج دینے کی دھمکی

عبدالحلیم کو یورپ پہنچنے میں تئیس برس لگے