1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرتگال بیل آؤٹ پیکج کی درخواست کرے گا

7 اپریل 2011

پرتگال نے ملکی معیشت کو سہارا فراہم کرنے کے لیے بالآخر بیل آؤٹ پیکج کے لیے درخواست کا فیصلہ کردیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق اس فیصلے کے بعد اب یورو زون کی اقتصادیات سے متعلق غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوجائے گا۔

https://p.dw.com/p/RG4m
تصویر: AP

پرتگال کے نگراں وزیر اعظم یوزے سوکراتیس کی جانب سے بیل آؤٹ پیکج سے متعلق اعلان کے بعد مالیاتی منڈیوں میں کوئی خاص ہلچل دیکھنے میں نہیں آئی۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ مالیاتی خسارے کا بحران اب خطے کی دیگر ریاستوں تک نہیں پھیلے گا۔ سرمایہ کاروں کو گزشتہ کئی ماہ سے اس بات کا ادراک تھا کہ پرتگال کو ہر صورت بیل آؤٹ کی ضرورت پڑے گی۔ اس کے باوجود وہاں کی حکومت کفایت شعاری کے منصوبے متعارف کرواکر کسی بیل آؤٹ پیکج کی ضرورت سے انکاری تھی۔

وزیر اعظم سوکراتیس نے حال ہی میں اپنے عہدے سے اس لیے استعفیٰ دے دیا تھا کہ ملکی پارلیمان نے کفایت شعاری سے متعلق ان کے منصوبوں کو بہت سخت قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔ یاد رہے کہ پرتگال نے 80ء کی دہائی میں جن شرائط کے تحت آئی ایم ایف سے مدد حاصل کی تھی اسے تلخ ماضی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ موجودہ حالات میں خدشہ تھا کہ اگر بروقت بیل آؤٹ پیکج کی درخواست نہ دی جاتی اور جون کے عام انتخابات کے بعد کی نئی حکومت تک انتظار کیا جاتا تو بحران زیادہ سنگین ہوسکتا تھا۔ ایسی صورتحال ممکنہ طور پر اسپین کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی تھی جسے بیل آؤٹ پیکج کے اگلے متوقع طلبگار کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

NO FLASH Zapatero
ہسپانوی وزیر اعظم سپاتیرو درمیان میں ایک پارٹی اجلاس کے موقع پرتصویر: AP

سپین میں وزیر اعظم خوسے سپاتیرو کی حکومت کامیابی سے کفایت شعاری کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ وہاں گزشتہ کچھ ماہ کے دوران روزگار کی منڈی اور بینکاری کے شعبے میں متعدد اصلاحات نافذ کی جاچکی ہیں۔

یورو زون کے اعلیٰ حکومتی ذرائع بتا رہے ہیں کہ پرتگال کے لیے بیل آؤٹ پیکج کا حجم 60 یا 80 ارب یورو کے لگ بھگ ہوگا۔ اس سے خطے کے لیے تشکیل دیے گئے 440 ارب یورو کے یورو بیل آؤٹ فنڈ پر زیادہ بوجھ نہیں پڑے گا۔

Portugal Finanzkrise EU Regierungskrise Brüssel Euro
یورو زون کی مالی صورتحال پر غور کے لیے منعقدہ ایک سابقہ سربراہی کانفرنس کا منظرتصویر: AP

ایسا اس لیے بھی کہا جارہا ہے کیونکہ پرتگال کے لیے تشکیل دینے جانے والے بیل آؤٹ پیکج میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بھی تعاون لیا جاسکتا ہے۔ موجودہ مالیاتی بحران کے تناظر میں یورو زون کی ریاستیں یونان اور آئرلینڈ پہلے ہی بیل آؤٹ پیکج حاصل کرچکے ہیں۔

آئرلینڈ کے بحران کا سبب وہاں کے بینکاری کا شعبہ بنا جبکہ یونان بے دریغ ٹیکس چھوٹ اور بدعنوانی کے سبب اس مشکل میں گرفتار ہوا تھا۔ امریکی فرم Dwight ایسٹ مینیجمنٹ سے وابستہ اقتصادی ماہر جینی کیرن کے بقول اب سرمایہ کار یورو کرنسی کے مستقبل کے حوالے سے پر اعتماد ہیں کیونکہ اب وہاں بڑے بحران سے نمٹنے کا نظام وجود پاگیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اب اہم یہ ہے کہ بیل آؤٹ پیکجز وصول کرنے والی ریاستیں منظم منصوبہ بندی سے اپنی معیشت کو مستحکم کریں۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں