1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی عدالت نے ذہنی مریض کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا

مقبول ملک
12 جنوری 2017

پاکستان کی ایک اعلیٰ عدالت نے ایک ذہنی مریض کو اپنے ایک ساتھی پولیس اہلکار کے قتل کے جرم میں سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا ہے۔ عدالت نے اب اس مجرم کی ذہنی صحت سے متعلق ایک نئی میڈیکل رپورٹ طلب کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2VheU
Symbolbild Todesstrafe Galgen
مجرم خضر حیات کو سزائے موت دیے جانے میں چند ہی روز باقی رہ گئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa/R. Weihrauch

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے جمعرات بارہ جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ذہنی طور پر بیمار اس مجرم کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد روک دینے کا حکم آج سب سے زیادہ آبادی والے پاکستانی صوبے پنجاب کے دارالحکومت میں لاہور ہائی کورٹ کے ایک جج نے دیا۔

جسٹس پروجیکٹ پاکستان نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کے ترجمان وسیم وحید نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ جس 55 سالہ سابق پولیس افسر کو سنائی گئی سزائے موت روک دی گئی ہے، اس کا نام خضر حیات ہے اور اسے سزائے موت دیے جانے میں چند ہی روز باقی رہ گئے تھے۔

’نفسیاتی مریض‘ کوپھانسی دی جا سکتی ہے، پاکستانی سپریم کورٹ

پاکستان: ذہنی مریض کی سزائے موت کو روک دیا گیا

’نہیں، آپ مر چکے ہیں،‘ چینی پولیس کا زندہ شہری کو کڑوا جواب

خضر حیات کے خلاف یہ الزام ثابت ہو گیا تھا کہ اس نے 2003ء میں زمین کے ایک تنازعے کی وجہ سے اپنے ایک ساتھی پولیس افسر کو قتل کر دیا تھا۔ عدالت نے اس سزا یافتہ مجرم کی ذہنی صحت سے متعلق جو نئی طبی رپورٹ طلب کی ہے، وہ 30 جنوری تک لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی جانا ہے۔

خضر حیات کے بارے میں گزشتہ برس جولائی میں عدالت کی طرف سے قائم کردہ ایک میڈیکل بورڈ نے یہ رپورٹ دی تھی کہ مجرم ایک ذہنی مریض ہے۔ اس حوالے سے مجرم کی والدہ اقبال بانو نے، جو آج کی سماعت کے دوران عدالت میں موجود تھیں، بعد ازاں صدر پاکستان ممنون حسین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان کے بیٹے کو معاف کر دیں۔

اقبال بانو نے کہا، ’’میں اپنے بیٹے سے ملاقات کے لیے جیل جاتی ہوں، اسے کچھ علم نہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ وہ متوازن ذہنی حالت کا مالک نہیں ہے۔‘‘ اقبال بانو نے نیوز ایجنسی اے پی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’میرے بیٹے کو طبی علاج کی ضرورت ہے، نہ کہ پھانسی دیے جانے کی۔‘‘

Pakistan Imdad Al
سزا یافتہ ذہنی مریض امداد علی کی اہلیہ اپنے شوہر کی تصویر کے ساتھ، جس کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد گزشتہ برس پاکستانی سپریم کورٹ نے روک دیا تھاتصویر: Picture-Alliance/AP Photo/A. Ali

قبل ازیں پاکستانی سپریم کورٹ نے بھی گزشتہ برس امداد علی نامی ایک ایسے سزا یافتہ مجرم کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا تھا، جس کے بارے میں طبی طور پر ثابت ہو گیا تھا کہ وہ شیزوفرینیا کا مریض ہے۔

یہ مجرم ابھی تک جیل میں ہے اور انسانی حقوق کی متعدد پاکستانی اور غیر ملکی تنظیموں نے اس کے بارے میں بھی اپیل کی ہے کہ امداد علی کو اس کی ذہنی حالت کے پیش نظر معاف کر دیا جائے۔

جسٹس پروجیکٹ پاکستان نامی گروپ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سارہ بلال نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ خضر حیات کو، جو ایک ذہنی مریض ہے، سزائے موت دے دینا ایک ’غیر قانونی اور غیر انسانی‘ اقدام ہو گا۔

پاکستان میں مجرموں کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کئی سالوں تک معطل رہا تھا لیکن پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر 150 سے زائد افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے طالبان کے دہشت گردانہ حملے کے بعد مجرموں کو سزائے موت دینے کا سلسلہ بحال کر دیا گیا تھا۔

2014ء سے اب تک پاکستان میں 427 قیدیوں کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کیا جا چکا ہے۔