1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستانی ثالثی میں کرزئی کی حقانی سے مبینہ ملاقات‘

29 جون 2010

افغان حکومت نے الجزیرہ ٹی وی کی اس رپورٹ کو امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا ہے جس کے مطابق افغان صدر حامد کرزئی نے پاکستان کی ثالثی میں طالبان کمانڈر سراج الدین حقانی سے ملاقات کی ہے۔

https://p.dw.com/p/O5KP
تصویر: AP

افغان صدر کے ترجمان وحید عمر نے کابل میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ رپورٹ جھوٹی اور بے بنیاد ہے۔ ان کے بقول یہ کابل حکومت کی جانب سے قیام امن کی کوششوں کے خلاف منصوبے کا حصہ ہے۔ وحید عمر کے بقول افغان حکومت نے طالبان عسکریت پسندوں سے مذاکرات کی کچھ شرائط مقرر کر رکھی ہیں جس کے مطابق محض مسلح کارروائیاں ترک کردینے والوں سے ہی بات کی جائے گی۔

الجزیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فوجی سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور خفیہ ادارے انٹرسروسز انٹیلی جنس کے سربراہ جنرل احمد شجاع پاشا کی ثالثی میں حقانی نے کابل میں افغان صدر سے ملاقات کی ہے۔

Flash-Galerie Bundeswehr in Afghanistan
افغانستان متعین جرمنی فوجی دستے کے ارکانتصویر: AP

سراج الدین حقانی طالبان کمانڈر جلال الدین حقانی کے بیٹے ہیں اور ان کے جنگجو افغانستان میں متعین غیر ملکی اور ملکی افواج پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ اس طالبان گروپ کا گڑھ شمالی وزیرستان کو قرار دیا جاتا ہے، جو آج کل امریکی ڈرون طیاروں کے مسلسل حملوں کی زد میں ہے جس کے سبب اب تک عسکریت پسندوں اور عام شہریوں کے بشمول لگ بھگ نو سو افراد مارے جاچکے ہیں۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس بھی اس رپورٹ کو مسترد کرچکے ہیں۔ ان کے بقول فوجی سربراہ سہ فریقی فوجی قیادت کی ملاقات میں شرکت کے لئے پیر کو کابل جارہے تھے مگر یہ نشست ملتوی ہوگئی ہے۔ سہ فریقی فوجی قیادت میں پاکستان، افغانستان اور افغانستان متعین اتحادی افواج کے اعلیٰ کمانڈر کابل اور اسلام آباد میں ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔

کرزئی انتظامیہ جلد ایک ایسا نیا ادارہ قائم کرنے والی ہے جو مکمل طور پر طالبان سے مصالحت کے امور کی نگرانی کرے گا۔ دریں اثناء افغان پارلیمان نے صدر کرزئی کے تجویز کردہ سات میں سے پانچ وزراء کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔

Afghanistan Parlament in Kabul
افغان پارلیمان نے صدر کرزئی کے تجویز کردہ سات میں سے پانچ وزراء کے ناموں کی منظوری دے دی ہےتصویر: AP

’’ولسی جرگہ‘‘ یعنی پارلیمان کے ایوان زیریں نے سابق فوجی سربراہ جنرل بسم اللہ محمدی کو وزیر داخلہ، اسد اللہ خالد کو وزیر سرحدی و قبائلی امور، انوار الحق احدی کو وزیر تجارت، جماھیر انوری کو عوامی خدمت اور عبدالقدوس حامدی کو مہاجرین کے وزیر کے طور پر قبول کیا۔

افغان صدر کی کابینہ میں وزراء کی تعداد اب 17 ہوگئی ہے اور ابھی انہیں پارلیمان سے مزید سات وزراء اور انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ کے نام کی منظوری حاصل کرنی ہوگی۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں