1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آئی ایس آئی کے دہشت گرد گروپوں کے ساتھ رابطے ہیں‘

4 اکتوبر 2017

امریکی وزیر دفاع کے مطابق اس سے پہلے کہ امریکی صدر پاکستان کی طرف سے افغانستان میں عسکریت پسندوں کی مبینہ حمایت کے حوالے سے دیگر امکانات کا جائزہ لیں، وہ ’مزید ایک مرتبہ‘ پاکستان سے مل کر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔

https://p.dw.com/p/2lAZf
Afghanistan Mattis und Stoltenberg bei Ghani PK in Kabul
تصویر: Reuters/O. Sobhani

پاکستان اور امریکا  کے مابین تعلقات گزشتہ ایک عشرے سے نشیب و فراز کا شکار چلے آ رہے ہیں لیکن اس وقت ان میں انتہائی سرد مہری پیدا ہو چکی ہے۔ امریکی حکام ایک طویل عرصے سے افغانستان میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے سوالات اٹھا رہے ہیں۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کا یہ تازہ بیان اسلام آباد اور پاکستان کی فوج کے اندر تشویش کا باعث بنے گا۔

میٹس کا ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی کی سماعت کے دوران کہنا تھا، ’’ہمیں نئی اسٹریٹیجی کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستانیوں کے ذریعے، ان کے ساتھ مزید ایک مرتبہ مل کر کام کرنے کی کوشش کرنے کی ضرورت ہے، اگر یہ ہماری بہترین کوشش ناکام ہوتی ہے تو صدر (پاکستان کے خلاف) ہر وہ اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہیں، جو اس حوالے سے ضروری ہے۔‘‘

امریکی پابندیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، پاکستانی وزیراعظم

امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی اسلام آباد کا دورہ کرنے والے ہیں لیکن اس حوالے سے انہوں نے مزید معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ نیوز ایجنسی روئٹرز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکی انتظامیہ کی طرف سے ممکنہ ’پاکستان مخالف اقدامات‘ کے تحت امریکی ڈرون حملوں کا دائرہء کار پاکستان میں وسیع کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شاید پاکستان کی غیر نیٹو اتحادی کے مرکزی درجے کو کم کر دیا جائے۔

قانون سازوں کی طرف سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا اسلام آباد کے ساتھ معاملات طے کرنے کے حوالے سے پاکستان سے غیر نیٹو مرکزی اتحادی کا درجہ واپس لینے پر غور کیا جا رہا ہے تو امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا، ’’مجھے یقین ہے کہ ایسا ہی ہوگا۔‘‘

اسی طرح منگل کے روز سینیٹ کی ایک دوسری سماعت کے دوران ایک دوسرے اعلیٰ امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان کی مرکزی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے عسکری گروپوں کے ساتھ رابطے ہیں۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور میرین کور  کے جنرل جوزف ڈنفورڈ کا کہنا تھا، ’’مجھ پر یہ واضح ہے کہ آئی ایس آئی کے دہشت گرد گروپوں کے ساتھ رابطے ہیں۔‘‘

دوسری جانب امریکا میں پاکستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ملک بھر میں انہیں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے، ’’اگر اسی طرح کی کامیابیاں افغانستان میں نہ حاصل کی گئیں تو خطے میں امن قائم نہیں ہو سکے گا۔‘‘

امریکا افغانستان میں تین ہزار پانچ سو اضافی فوجی تعینات کرنے والا ہے۔ ابھی تک امریکا افغانستان میں سالانہ 12.5 بلین ڈالر خرچ کر رہا تھا جبکہ مزید فوجی بھیجنے کے بعد ان اخراجات میں 1.1 بلین ڈالر کا اضافہ ہو جائے گا۔