1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کا مزید ساتھ دینا ہوگا: برطانوی وزیرِ اعظم

26 مئی 2011

برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعاون مغربی ممالک کے لیے اور بھی ضروری ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11OBw
تصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما یورپ کا دورہ کر رہے ہیں۔ برطانیہ میں وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون اور صدر اوباما نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ خطاب میں افغانستان اور پاکستان سے متعلق گفتگو بھی کی گئی۔ اس موقع پر برطانوی وزیرِ اعظم کیمرون کا کہنا تھا کہ یہ وقت پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کا ہے۔ ’اتحادی ممالک پاکستان سے پیٹھ نہیں موڑ سکتے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘

کیمرون کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ڈیوڈ کیمرون کے مطابق، ’جو پاکستان کا دشمن ہے وہ ہمارا بھی دشمن ہے۔‘

Obama Cameron USA Großbritannien London Flash-Galerie
برطانوی وزیرِ اعظم کیمرون اور امریکی صدر اوباما مشترکہ پریس کانفرنس کے دورانتصویر: AP

طالبان کے بارے میں برطانوی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ طالبان کو القاعدہ سے علیحدہ ہو کر افغانستان کے امن کے لیے سیاسی دھارے میں شام ہونا ہوگا۔ امریکی صدر اوباما اور کیمرون نے آنے والے مہینوں میں اپنی تمام تر توجہ افغانستان پر مرکوز رکھنے پر رضامندی ظاہر کی۔

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی پاکستان میں ہلاکت کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر شکوک و شبہات کے حوالے سے ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ پاکستان کے ساتھ اب دوگنے تعاون کی ضرورت ہے۔

برطانوی وزیرِ اعظم اور امریکی صدر نے اس پریس کانفرنس میں دیگر امور سمیت عرب ممالک میں جاری عوامی بغاوتوں اور لیبیا میں جاری خانہ جنگی سے متعلق بھی گفتگو کی۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں