1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان ڈونرز کانفرنس: پانچ ارب ڈالرسے زائد کی امداد

17 اپریل 2009

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں منعقدہ ایک روزہ بین الاقوامی ڈونر کانفرنس میں پاکستان کو غربت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے پانچ ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/HZIZ
پاکستانی صدر اور وزیر خارجہ ڈونرز کانفرنس میں جاپانی وزیر اعظم کے ہمراہتصویر: AP

ٹوکیو منعقدہ کانفرنس میں شریک پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اُنہوں نے مشکل حالات میں پاکستان کی قیادت کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے اور اپنی کوششوں کے سلسلے میں پوری دُنیا سے مدد کی درخواست کرتے ہیں۔ زرداری نے کہا کہ پاکستان کی ناکامی پوری دُنیا کی ناکامی ہو گی۔

’’ مَیں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی اور باقی دُنیا کی مدد سے پاکستان اِس چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہے۔ ہم وہ سب کچھ کرنے کے لئے تیار ہیں، جس سے دُنیا کو اِس بڑے خطرے سے نجات دلائی جا سکے۔‘‘

Geberkonferenz für Pakistan in Tokio
پاکستانی وزیر خارجہ اپنے ایرانی ہم منصب سے گفتگو کے دورانتصویر: AP

پاکستانی صدر کے خطاب پر رد عمل توقع سے کہیں زیادہ رہا اور اِس بحران زَدہ ملک کے لئے اگلے دو برسوں کے دوران پانچ ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد کا اعلان کیا گیا۔ کیا یہ امداد مطلوبہ نتائج سامنے لا سکے گی، اِس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئےجرمنی کی ہائیڈل برگ یونیورسٹی کے جنوبی ایشیا انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ ماہر وولف گانگ پے ٹر سِنگل کہتے ہیں: ’’یہ بات اگر ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے کہ محض زیادہ رقم دے کر اِس ملک کو مستحکم کیا جا سکےاور اُسے ایسی سیاسی پالیسیاں اختیار کرنے پر مائل کیا جا سکے جو یہ ملک شاید اختیار کرنا چاہتا بھی نہ ہو۔ پاکستان اور خاص طور پر پاکستانی فوج خود کو روایتی طور پر بھارت کے ساتھ تنازعے کا فریق سمجھتی ہے جبکہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب نرم طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے زیادہ توجہ افغانستان اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر دے۔ یہ بات فوج کے کچھ حصوں اور انتہا پسند اسلامی قوتوں کے لئے ناقابلِ قبول ہے۔‘‘

Geberkonferenz für Pakistan in Tokio
ڈونرز کانفرنس میں پاکستانی صدر خطاب کے دورانتصویر: AP

پاکستان کے لئے امداد پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ممتاز تجزیہ نگار حسن عسکری رضوی کہتے ہیں: ’’میرے خیال میں مغربی دُنیا کچھ مہینوں تک دیکھے گی کہ چیزیں کس رُخ میں جاتی ہیں۔ اگر حالات بے یقینی کی طرف بڑھتے گئے اور عسکریت پسندی جاری رہی تو ظاہر ہے، مغربی ملکوں کی تشویش میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔ وہ یہ ساری امداد یک بارگی نہیں بلکہ مختلف مرحلوں میں دیں گے۔ حالات کو قابو سے باہر ہوتا دیکھ کر وہ مزید امداد کی فراہمی سے انکار بھی کر سکتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ امریکہ کے مشہور ادارے ایشیا سوسائٹی نے حال ہی میں کہا تھا کہ پاکستان کو آئندہ پانچ برسوں کے دوران پچاس ارب ڈالر تک کی ضرورت ہے۔ ایسے میں پانچ ارب ڈالر کی امداد زیادہ نہیں لگتی تاہم پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے اِتنی امداد کا اعلان حد سے زیادہ اطمینان بخش ہے۔

جائزہ : امجد علی

ادارت : مقبول ملک