1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا

William Yang/ بینش جاوید
14 جون 2017

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میچ میں غیر متوقع اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان انگلینڈ کی ٹیم کو ہر شعبے میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔

https://p.dw.com/p/2eijP
UK Cricket ICC Champions Trophy | Pakistan gegen England
تصویر: Reuters/A. Couldrige

کارڈِف کے سوفیا گارڈنز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کی باڈی لینگوئج سے ہی یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ کھلاڑی آج کا میچ جیتنے کے لیے میدان میں اُترے ہیں۔

ٹاس جیت کر اس ٹورنامنٹ کے اب تک کے معمول کے مطابق پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کیا۔ پاکستانی بالرز نے نہایت نپی تُلی بالنگ کرتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے شہرہ آفاق بیٹسمینوں کو جیسے بے بس کر کے رکھ دیا۔ اس تمام ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی انگلینڈ کی ٹیم کا کوئی ایک بھی بیٹسمین 50 رنز کا ہدف عبور نہ کر سکا۔ روٹ 46 کے اسکور کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں محض 211 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

UK Cricket ICC Champions Trophy | Pakistan gegen England
بین اسٹروکس تصویر: Reuters/P. Cziborra

پاکستان کے تقریباﹰ سبھی بالرز کی کارکردگی بہترین رہی۔ حسن علی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس میچ میں ڈیبو کرنے والے رومان رئیس اور جنید خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

212 رنز کے ہدف کا تعاقب میں آج بھی پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور فخر زمان اوپننگ کے لیے میدان میں اُترے۔ دونوں کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے بالرز کا بہترین پرفارمنس سے جواب دیا اور پاکستان کو شاندار اور مضبوط آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان جب 22ویں اوور میں 57 کے انفرادی اسکور پر راشد کی گیند پر وکٹ کیپر بٹلر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے تو اُس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 118 ہو چکا تھا۔ پاکستان کی دوسری اور آخری گرنے والی وکٹ اظہر علی کی تھی۔ وہ 76 کے انفرادی اسکور پر جے ٹی بال کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ تاہم اُس وقت تک پاکستان 173 رنز کے ساتھ اپنے ہدف کے کافی قریب پہنچ چکا تھا۔

UK Cricket ICC Champions Trophy | Pakistan gegen England
اظہر علی نے 76 رنز اسکور کیےتصویر: Reuters/P. Cziborra

38ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد حفیظ نے جب چوکا لگا کر جیت پاکستان کے نام کی تو اُس وقت کریز پر ان کے ساتھ بابر اعظم 38 کے انفرادی اسکور کے ساتھ موجود تھے۔ محمد حفیظ نے 31 رنز بنائے۔ یوں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں کے بڑے مارجن کے ساتھ شکست سے دوچار کر دیا۔

میچ کا بہترین کھلاڑی حسن علی کو قرار دیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ وہ مین آف دا میچ بنے ہیں۔ حسن علی 10 وکٹوں کے ساتھ اس ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر بھی ہیں۔

آئی سی سی چیمپیئنر ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل کل جمعرات 15 جون کو ایجباسٹن برمنگھم میں بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلا جانا ہے۔ فائنل اتوار 18 جون کو لندن میں ہو گا۔

سرفراز اور عامر نے لاج رکھ لی

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ، پاکستانی کرکٹ کا وقار داؤ پر

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں