پاکستان ون ڈے سیریز بھی جیت گیا، دورہء نیوزی لینڈ کامیاب
3 فروری 2011کرکٹ کے پاکستانی شائقین کے لیے ہی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے لیے بھی یہ نہ صرف بڑی خوشی کا لمحہ ہے بلکہ انہیں اس بات کی اور بھی خوشی ہے کہ پاکستانی ٹیم عالمی کپ سے قبل دوبارہ فارم میں آ گئی ہے۔ دورہء نیوزی لینڈ کے دوران ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تو پاکستان کو شکست اٹھانا پڑی تھی تاہم ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چار سال بعد یہ پہلی ٹیسٹ سیریز تھی، جو پاکستان نے جیتی تھی۔
ہیملٹن میں کھیلے گئے پانچویں ایک روزہ میچ میں پاکستان کی فتح میں اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد نے اہم کر دار ادا کیا۔ ساتھ ہی پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ نے بھی کیوی کھلاڑیوں کو زیادہ دیر گراؤنڈ میں رکنے کا موقع نہ دیا۔
احمد شہزاد نے 115 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے دوسرے کامیاب ترین کھلاڑی عمر اکمل تھے، جنہوں نے 32 رنز بنائے۔ احمد شہزاد کی یہ پہلی ون ڈے سنچری تھی۔ انہوں نے یہ اسکور 101 گیندوں پر دو چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے بنایا۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 268 رنز بنا لیے۔
گراؤنڈ چھوٹا ہونے کی وجہ سے خیال تھا کہ کیویز کے لیے یہ کوئی مشکل ہدف ثابت نہیں ہو گا، کیونکہ میچ سے قبل اندازہ لگایا گیا تھا کہ اس گراؤنڈ پر کم از کم 003 سو رنز کا ٹوٹل ایک اچھا ہدف ہو گا۔ تاہم مارٹن گپٹل اور کپتان روس ٹیلر کے علاوہ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکا۔ گپٹل نے 65 جبکہ ٹیلر نے 69 رنز بنائے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم 46.5 اوورز میں 227 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔
دوسری اننگز کے 42 ویں اوور میں، جب ٹیلر اور فرینکلن کریز پر موجود تھے، ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ میزبان ٹیم سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ تاہم جیسے ہی شاہد آفریدی کے ہاتھوں ٹیلر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسکور بورڈ پر رنزکے بجائے وکٹوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ گزشتہ 15 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی یہ 14ویں شکست تھی۔
سیریز کا چھٹا اور آخری ایک روزہ میچ پانچ فروری کو آک لینڈ میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: مقبول ملک