1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی

29 اپریل 2011

بارباڈوس میں کھیلے گئے ایک میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے شکست دے کر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں تین صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1166E
مصباح الحقتصویر: AP

کنگسٹن اوول کے میدان پر کھیلے گئے بارش سے متاثرہ اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے 43.4 اوورز میں 171 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ پاکستانی ٹیم نے سات کھلاڑیوں کے نقصان پر یہ ہدف 40.1 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔

اس میچ کی خاص بات ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کی محتاط مگر شاندار بلے بازی رہی۔ انہوں نے 109 گیندوں پر باسٹھ رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ عمر اکمل نے اپنے روایتی انداز میں بلے بازی کی اور ستائیس گیندوں پر تیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس میچ میں نوجوان حماد ریاض نے بھی عمدہ بلے بازی کی۔ انہوں نے 36 رنز بنائے اور امپائر اسوکا ڈی سلوا کے ایک متنازعہ فیصلے کا نشانہ بنے۔ انہیں بیشو نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

Flash-Galerie Cricket Spieler Pakistan Umar Akmal
عمر اکمل نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے تیس رنز بنائےتصویر: APImages

کپتان شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ پھر انتہائی غیر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے گیارہ رنز بنائے۔ بعد ازاں وہاب ریاض اور مصباح الحق نے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا۔ ویسٹ انڈیز کے بولر روی رام پال نے چار جبکہ بیشو نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں بارش کے نتیجے میں اس میچ کو پچاس کے بجائے پینتالیس اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ تاخیر سے شروع ہونے والے اس میچ میں پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت ہی درست ثابت ہو گیا، جب محمد حفیط نے دوسرے اوور میں ہی اوپنر ڈیون اسمتھ کو صفر کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

اگرچہ بعد ازاں لینڈل سیمینز اور دلکش بلے باز ڈیرن براوو نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنائے لیکن ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی کمزور بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام ہو گئی۔ سیمینز اکاون رنز بنا کر سعید اجمل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تو ڈیرن براوو 47 کے اسکور پر محمد حفیظ کا شکار بنے۔

اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم ریت کا پہاڑ ثابت ہوئی اور مقررہ پنتالیس اوورز بھی نہ کھیل سکی۔ تمام ٹیم 171 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ اس میچ میں پاکستانی نوجوان فاسٹ بولر جنید خان نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ محمد حفیظ نے دو جبکہ سعید اجمل اور وہاب ریاض نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس میچ کا بہترین کھلاڑی مصباح الحق کو قرار دیا گیا۔ پاکستان نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز ختم ہونے سے قبل ہی تین صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔ اب اس سیریز کا چوتھا میچ دو مئی کو بریج ٹاؤن میں ہی کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید