1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سے متعلق ٹرمپ کی پالیسی: ’زیادہ ڈرون حملے زیر غور‘

مقبول ملک روئٹرز
20 جون 2017

امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ افغانستان کی جنگ کی وجہ سے بظاہر پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی میں زیادہ سختی پر آمادہ نظر آ رہی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق پاکستان میں زیادہ ڈرون حملے کرنے اور امداد میں کمی پر بھی غور کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2ezRt
USA PK Donald Trump nach Schießerei in Alexandria, Virginia
تصویر: Reuters/K. Lamarque

واشنگٹن سے منگل بیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان میں ان عسکریت پسندوں کے حملوں کے وجہ سے، جو پاکستان میں اپنے مبینہ ٹھکانوں سے ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے یا کرواتے ہیں، ٹرمپ انتظامیہ اب اسلام آباد سے متعلق اپنی اب تک کی حکمت عملی میں زیادہ سختی لانے پر آمادہ نظر آنے لگی ہے۔

افغانستان میں ڈرون حملے میں القاعدہ کا اہم کمانڈر ہلاک، پینٹاگون

ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کا ایک کمانڈر ہلاک

پاکستان میں ٹرمپ کے دور میں پہلا ڈرون حملہ، دو افراد ہلاک

روئٹرز کے مطابق اعلیٰ امریکی حکام نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ امریکا افغانستان میں موجودہ حالات میں بہتری لانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے تحت اس کی خواہش ہے کہ پاکستان بھی افغانستان کی صورت حال میں بہتری کے لیے اپنا وہ کردار ادا کرے، جو وہ ادا کر سکتا ہے۔

اس سلسلے میں امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے اب تک جن امکانات پر غور کیا گیا ہے، ان میں یہ بھی شامل ہے کہ پاکستانی سرزمین پر کیے جانے والے امریکی ڈرون حملوں میں اضافہ کر دیا جائے، پاکستان کو دی جانے والی امداد میں یا تو کمی کر دی جائے یا اسے روک دیا جائے اور اگر ضروری ہو تو نیٹو کے غیر رکن ملک لیکن امریکا کے ایک بڑے اتحادی ملک کے طور پر پاکستان کی حیثیت بھی کم کر دی جائے۔

Drohne Heron TP beim Start
امریکی حکام کے مطابق پاکستان میں زیادہ ڈرون حملے کرنے اور امداد میں کمی پر بھی غور کیا گیا ہےتصویر: U.S. Army/J. Ruiz

روئٹرز کے مطابق چند اعلیٰ امریکی حکام اس بارے میں قدرے کم امیدی کا اظہار بھی کر رہے ہیں کہ یہ نئے ممکنہ اقدامات اس کامیابی کو یقینی بنا سکیں گے، جو ٹرمپ انتظامیہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔

اس سلسلے میں امریکی انتظامیہ کے اندر ہی واشنگٹن کی پاکستان سے متعلق پالیسی میں اس ممکنہ تبدیلی کے ناقدین کا کہنا یہ ہے کہ امریکا کی سالہا سال سے کی جانے والی وہ کوششیں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکیں، جو وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کر رہا ہے کہ پاکستان افغان عسکریت پسند گروپوں کی (مبینہ) حمایت بند کر دے۔

ایسے میں پاکستان کے روایتی حریف اور بڑے ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ امریکا کے مسلسل مضبوط ہوتے ہوئے تعلقات بھی اس ہدف کے حصول کی راہ میں بڑی رکاوٹ ثابت ہوں گے کہ واشنگٹن اسلام آباد کو اس کی اب تک کی علاقائی اور سکیورٹی سیاست میں تبدیلی پر مجبور کر سکے۔

ایسے ناقدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ امریکا کے زیادہ گہرے تعاون کے حامی ہیں، نہ کہ دونوں ملکوں کے مابین موجودہ تعلقات کو مزید ‌خراب کر دیا جائے یا ہونے دیا جائے۔

یہ ساری بحث اس تناظر میں کی جا رہی ہے کہ امریکا کے لیے افغانستان کی جنگ امریکی تاریخ کی بیرون ملک لڑی جانے والی طویل ترین جنگ بن چکی ہے۔ اسی لیے جنوری میں اقتدار میں آنے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے یہ توقع بھی کی جا رہی ہے کہ وہ افغانستان میں سولہ سال سے جاری اس جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ طور پر اس ملک اور خطے سے متعلق اپنی حکمت عملی میں تبدیلیاں لائیں گے۔

امریکی ذرائع کے بقول پاکستان سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ اپنے جن ممکنہ اقدامات پر غور کر رہی ہے، وہ واضح طور پر اسی وقت سامنے آ سکیں گے، جب واشنگٹن جنگ زدہ افغانستان سے متعلق اپنی نئی پالیسی کو حتمی شکل دے دے گا۔

روئٹرز کے مطابق واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون نے اس بارے میں ٹرمپ انتظامیہ کی نئی پالیسی کو حتمی شکل دیے جانے سے قبل کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا جبکہ واشنگٹن ہی میں پاکستانی سفارت خانے نے بھی اس موضوع پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔