1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستان ’دہرا کھیل‘ کھیل رہا ہے، امریکا کا الزام

عاطف توقیر
3 جنوری 2018

امریکا نے پاکستان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ’ڈبل گیم‘ کھیل رہا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر اسے امریکی امداد چاہیے تو اسے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/2qG3b
Mar-a-Lago Trump Video Konferenz
تصویر: picture-alliance/Zuma

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ’’وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کر سکتے ہیں۔ ہم ان سے یہی چاہتے ہیں۔‘‘

’امریکا کے ’نو مور‘ کی کوئی حیثیت نہیں‘

ٹرمپ کے بیان پر پاکستان برہم

پاکستان سے صرف جھوٹ اور دھوکہ ملا، صدر ٹرمپ

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں وہ پاکستان کی بابت نئے اقدامات کا اعلان کر دیں گے، تاکہ پاکستان پر دباؤ میں اضافہ کیا جائے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ میں تعینات امریکی سفیر نِکی ہیلی نے کہا تھا کہ واشنگٹن حکومت پاکستان کو دی جانے والی 255 ملین ڈالر کی امداد روک رہی ہے۔

نیویارک میں صحافیوں سے بات چیت میں ہیلی نے کہا، ’’اس کی ایک بڑی واضح وجہ ہے۔ پاکستان کئی سالوں سے ڈبل گیم کھیل رہا ہے۔ وہ ایک ہی وقت میں ہمارے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں اور ساتھ ہی وہ دہشت گردوں کو پناہ بھی دیتے ہیں، جو افغانستان میں ہمارے فوجیوں پر حملے کرتے ہیں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’’یہ کھیل امریکی انتظامیہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ ہم پاکستان سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون میں بے حد اضافہ چاہتے ہیں۔‘‘

یہ بات اہم ہے کہ نئے سال کے آغاز پر اپنے پہلے ٹوئٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان کو پچھلے پندرہ برسوں میں بے وقوفانہ طور پر اربوں ڈالر کی امداد دی گئی، مگر اس کے بدلے پاکستان کی جانب سے امریکا کو فقط جھوٹ اور دھوکا ملا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’جن دہشت گردوں کو ہم افغانستان میں ڈھونڈتے ہیں، وہ انہیں اپنے ہاں محفوظ جگہ دیتے ہیں اور ہماری بہت کم مدد کرتے ہیں، مگر اب بس۔‘‘

پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت نے منگل کے ان الزامات کو ’ناقابل فہم‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ پاکستان نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو اسی تناظر میں دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج بھی کیا۔

صدر ٹرمپ کے یروشلم کے فیصلے کے خلاف مسلمانوں کے مظاہرے

اقوام متحدہ میں تعینات پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوت سے کارروائیاں کرتا رہا ہے اور یہ کارروائیاں کسی امداد کے لیے نہیں بلکہ قومی مفادات اور اصولوں پر کی گئیں۔

''ہم نے اپنا حصہ ملایا اور بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں اور اسی تناظر میں دنیا کا سب سے بڑا انسدادِ دہشت گردی آپریشن ہم نے کیا۔ اگر ہمارے تعاون کو سراہا نہیں جاتا، تو ہم اس پر نظرثانی کریں گے۔‘‘