1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: لارڈز ٹیسٹ کاپہلا دن

14 جولائی 2010

لارڈز ٹیسٹ کا پہلا دن بظاہر پاکستان کے نام جاتا ہے کیونکہ پاکستانی باؤلنگ کے سامنے آسٹریلوی بلے باز جم کر کھیلنے میں ناکام رہے۔ میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم کی بہتر بیٹنگ میچ کے نتیجے کا تعین کرےگی۔

https://p.dw.com/p/OIRZ
تیز باؤلر محمد آصفتصویر: AP

لارڈز کے تاریخی میدان پر پاکستان کے تیز گیند بازوں محمد آصف اور محمد عامر نے آسٹریلوی بلے بازوں کو عمدہ کھیل پیش کرنے میں ناکام کر دیا۔ خراب روشنی کی وجہ سے جب پہلے دن کا کھیل روکا گیا تو آسٹریلوی ٹیم نے نو کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف 229 رنز بنائے تھے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دینا اس وقت درست فیصلہ ثابت ہوا جب پہلی وکٹ آٹھ کے سکور پر ہی گر گئی۔

Cricketspieler Shahid Afridi
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی، ایک روزہ میچ میںتصویر: AP

عامر اور آصف کا لیگ سپنر دانش کنیریا نے بھی عمدہ ساتھ دیا۔ عامر اور آصف نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ دانش کنیریا دو آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ محمد آصف نے 53 رنز دے کر اور عامر نے 66 رنز دے کر تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عمر گل نے پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی باؤلنگ کی شاندار پرفارمنس کو مزید نکھار اب بلے بازوں نے دینا ہو گا۔

آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے افتتاحی بلے باز سائمن کاٹیچ اسی رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ ان کے علاوہ کپتان رکی پونٹنگ 26 اور مائیکل کلارک 47 رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔ مائیک ہسی ابھی کریز پر موجود ہیں اور وہ 39 کے سکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اگر پاکستان آخری آسٹریلوی وکٹ بھی جلد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تو میچ دوسرے دن ہی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان کھلاڑی عمدہ کارکردگی پیش کر سکتے ہیں۔

RICKY PONTING Australian Test Cricketer Member of the 1999 Australian World...
خیال کیا جا رہا ہے کہ رکی پونٹنگ، لارڈز میدان پر اپنا آخری میچ کھیل رہے ہیںتصویر: Picture-Alliance / Photoshot

پاکستان اس سے پہلے بھی کئی بار آسٹریلیا کی ٹیم کو عمدہ باؤلنگ کے ساتھ کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوا ہے لیکن بلے باز ہمیشہ باؤلروں کی کارکردگی کو مٹی میں ملاتے رہے ہیں۔ اس میچ میں بھی باؤلر اپنی کارکردگی سے ٹیم کو اوپر لے آئے ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ بلے باز کیا کمال دکھاتے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے دو دو کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی ہے۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان بلے بازوں اظہر علی اور عمر امین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا نے وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم پین (Tim Paine) اور لیگ سپنر سٹیون اسمتھ کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ دونوں نئے آسٹریلوی کھلاڑی بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے سے محروم رہے ہیں۔ پین نے محض سات رنز اور اسمتھ نے صرف ایک رن بنایا۔ نوجوان اسمتھ کو آسٹریلیا میں شین وارن کا متبادل خیال کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں