1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان T20 سیریز ہارگیا

8 ستمبر 2010

کئی طرز کی مشکلات میں گھری پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ سے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی ہارگئی۔ دونوں میچوں میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/P6Uw
انگلش کپتان کولنگ ووڈتصویر: AP

دوسرے اور حتمی مقابلے میں پاکستانی بیٹنگ لائن 89 پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔ ویلز علاقے کےکارڈیف شہر کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان شاہد خان آفریدی نے جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

شاہ زیب حسن اور کامران اکمل کی اوپننگ جوڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکی اور گیارہ کے مجموعی سکور پر کامران اکمل پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے انگلش گیند باز سائڈبوٹم کے پہلے اوور میں گیارہ رنز حاصل کر کے اننگز کا دلچسپ آغاز کر دیا تھا۔ اکمل کے بعد آنے والے بلے باز بھی مکمل طور پر بے بس اور ناکام دکھائی دئے۔

Muhammad Yousuf
محد یوسف چار رنز بناسکےتصویر: AP

تجربہ کار محمد یوسف کو ان کی اننگ کے شروعات ہی میں ایک چانس ملا تاہم وہ اس کا فائدہ نہ اٹھاسکے۔ اٹھارہ کے مجموعی سکور پر یوسف بھی اکمل کی طرح پُل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔

کپتان شاہد آفریدی نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی اور فواد عالم کی جگہ عمر اکمل کو میدان میں بھیجا۔ پانچویں اوور میں ٹیم کا سکور ابھی 20 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ شاہ زیب ایک تیز باؤنسر کو فائن لیگ کی جانب کھیلنے کی کوشش میں ناکام ہوئے اور براڈ کی یہ گیند ان کے دستانے کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر ڈیویز کے محفوظ ہاتھوں میں چلی گئی۔

کپتان آفریدی خود میدان میں اترے۔ بوم بوم آفریدی کا جادو بھی صوفیہ گارڈن میں نہ چل سکا۔ نوے میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی سٹوارٹ براڈ کی ایک گیند کو آفریدی نے زوردار طریقے سے سویپ کرنا چاہا مگر گیند بلے کا کنارہ لیتی ہوئی ہوا میں چلی گئی جسے مورگن نے کیچ کیا۔

Pakistan Cricket Yasir Hameed
سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے یاسر حمید کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی نئی بات نہیں کی بلکہ وہی کہا جو اخباروں میں پڑھاتصویر: AP

پاکستان کی جانب سے عمر گل نے نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے سولہ رنز بنائے۔ عمر اکمل سترہ رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسی طرح چودہ اوورز میں ہی انگلش گیند بازوں سائڈ بوٹم، براڈ، بریسنن اور سوان کی نپی تلی باؤلنگ نے پاکستانی ٹیم کا مجموعہ 89 رنز تک ہی محدود رکھا۔

انگلش ٹیم نے یہ آسان ہدف تیرہویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ٹم بریسنن کو 3.4 اوورز میں دس رنز دے کر تین وکٹیں لینے پر کھیل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کی سیریز دو صفر سے جیتنے سے پہلے انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں ایک کے مقابلے میں تین میچوں میں کامیابی سے شکست دی تھی۔ پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز پرسوں جمعے سے ہوگا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عابد حسین