1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک امریکہ باہمی تعلقات، ہیلری کلنٹن کا شکوہ

28 مارچ 2011

پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کی نوعیت پر تبصرہ کرتے ہوئےامریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اپنے انتہائی اہم اتحادی ملک کے ساتھ تعلقات کو’ بہت مشکل‘ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10iof
تصویر: AP

ہیلری کلنٹن کی طرف سے یہ بیان اتوار کے روز برسلز میں ہونے والی سہ فریقی کانفرس کے بعد سامنے آیا ہے۔ پاکستان نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے ایک مبینہ امریکی ڈرون حملے کے بعد اس سہ فریقی اجلاس میں احتجاجی طور شرکت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس ڈرون حملے میں 39 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کلنٹن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد حکومت امداد کے حصول اور اپنے ہی انتہا پسندوں کے خطرے سے نمٹنے کے درمیان پھنس کر رہ گئی ہے۔ ABC نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا،’ پاکستان حکام کے ساتھ باہمی تعلقات ایک چیلنج سے کم نہیں ہیں۔ ان کے کچھ مسائل ہیں‘۔

Asif Ali Zardari Hillary Clinton
کلنٹن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد حکومت امداد کے حصول اور اپنے ہی انتہا پسندوں کے خطرے سے نمٹنے کے درمیان پھنس کر رہ گئی ہےتصویر: AP

ان کا مزید کہنا تھا،’پاکستان حکومت کے ساتھ تعلقات مشکل اس وجہ سے ہیں کیونکہ وہ خود ایک مشکل پوزیشن پر کھڑی ہے۔ وہ خود یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ اندرونی انتہا پسندی کے خطرے سے کس طرح نمٹا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف مجھے لگتا ہے کہ ہم بات چیت کے لیے اچھے راستے بنا چکے ہیں، ہمارے پاس باہمی تعاون کے بہتر مواقع موجود ہیں۔ لیکن اس معاملے پرہمیں ہر دن کام کرنے کی ضرورت ہے‘۔

امریکی وزیر خارجہ نے ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی حکومت ہمارا ساتھ نہ دیتی تو ہم اپنے سفارت کار کو پاکستان سے نہیں نکال سکتے تھے۔ اسی طرح انہوں نے کہا کہ وہ انتہا پسندوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں مبینہ امریکی ڈرون حملے کے بعد نہ صرف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اس واقعے کی مذمت کی تھی بلکہ امریکی سفیر کو بھی دفتر خارجہ بلا کر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تھا۔ خارجہ سیکریٹری سلمان بشیر کا کہنا تھا کہ امریکہ نہ صرف اس حملے کہ وضاحت کرے بلکہ پاکستان سے معافی بھی مانگے۔ پاکستانی خارجہ سیکریٹری کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد دوطرفہ تعلقات کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور امریکہ پاکستان کو اپنی طفیلی ریاست نہ سمجھے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں