1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیسٹ کرکٹ میں تندولکر کے تیس ہزار رنز مکمل

21 نومبر 2009

بھارتی کرکٹر سچن تندولکر نے اپنے کرکٹ کیریئر میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انہوں نے یہ اعزاز احمد آباد کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ میں حاصل کیا۔

https://p.dw.com/p/KcJR
اسٹار بیٹسمین سچن تندولکرتصویر: picture-alliance / dpa

اِس میچ میں بھارتی ٹیم کی دوسری اننگز میں تندولکر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی تینتالیسویں سنچری مکمل کی۔ اِس کے ساتھ ہی انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں تیس ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اِس طرح تندولکر نے کرکٹ میں اپنے بیس سال مکمل ہونے کو سنچری سے یادگار بنا دیا ہے۔ اِس حوالے سے بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے گزشتہ پیر کو اِس خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

Indischer Cricketspieler Sachin Tendulkar
سچن نے رواں ماہ اپنے کرکٹ کیریئر کے بیس سال پورے کئے ہیںتصویر: AP

تندولکر نے اپنے بیس سالوں پر محیط کرکٹ کیریئر کے دوران ایک سو ساٹھ ٹیسٹ میچوں میں 12,877 رنز بنائے ہیں۔ اُن کی اوسط پچپن فی صد کے قریب ہے جبکہ چار سو چھتیس ایک روزہ میچوں میں 17,178 رنز بنائے ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں اُن کی سنچریوں کی تعداد پینتالیس ہے۔ اِس طرح بین الاقوامی کرکٹ میں اُن کی سنچریوں کی کُل تعداد اٹھاسی ہو گئی ہے۔ ایک روزہ میچوں میں کچھ دِن قبل ہی تندولکر نے سترہ ہزار رنز مکمل کئے تھے۔ آسٹریلیا کے خلاف شاندار ایک سو پچہتر رنز کی اننگزکے دوران انہوں نے یہ سنگ میل عبور کیا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں تیرہ ہزار رنز مکمل کرنے میں ماسٹر بلے باز کو مزید ایک سو تیئس رنز کی ضرورت ہے، جو آئندہ دو ٹیسٹ میچوںمیں یا بعد میں آنے والے میچوں میں بنانا کوئی مشکل امر نہیں ہے۔ سری لنکا کی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہٴ بنگلہ دیش ہے۔ اگر تندولکر وہاں گئے تو وہ کرکٹ میں مزید اسکور کر کے اپنے ہدف تک کسی اور کے لئے پہنچنا اور مشکل کر دیں گے۔ تندولکر سے زیادہ ٹیسٹ میچ سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان اسٹیو وا نے کھیلے ہیں۔ اُن کے میچوں کی تعداد ایک سو اڑسٹھ ہے۔

بھارت اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ چوبیس دسمبر سے کھیلا جائے گا۔ یہ میچ کانپور میں شیڈیول ہے۔ دونوں ملکوں کی ٹیمیں تیسرا ٹیسٹ میچ ممبئی میں دو دسمبر سے کھیلیں گی۔ بعد میں ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی اور اِس کا آغاز ناگ پور میچ سے ہو گا۔

England vs India Twenty20 World Cup cricket match
بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونیتصویر: AP

بین الاقوامی کرکٹ میں اُن کے قریب ترین حریف آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ ہیں، جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ اور ایک روزہ میچوں میں 23,656 رنز بنا چکے ہیں۔ پونٹنگ کو اگلے چند ہفتوں کے دوران تین ٹیسٹ میچ پاکستان اور تین ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے ہیں۔ وہ اِن میچوں میں اپنے اسکور اور سنچریوں کی تعداد بڑھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اُن کی کل سنچریوں کی تعداد چھیاسٹھ ہے، جو سچن تندولکر سے بہت کم ہے۔

احمد آباد ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے مہیلا جے وردھن نے اپنے ٹیسٹ کرکٹ کیریئر کی ستائیسویں سنچری مکمل کی۔ اِس میچ میں انہوں نے ڈبل سینچری بنائی تھی جو اُن کی چھٹی ڈبل سینچری تھی۔ اِس ڈبل سیینچری کے دوران جے وردھن نے اپنے نو ہزار رنز بھی مکمل کر لئے ہیں۔ وہ اپنے ملک سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بلے باز ہیں۔ اسی طرح ان کی سینچریوں کی تعداد بھی اپنے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ جے وردھن نے اب تک کُل ایک سو آٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل