1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کی جیت

امتیاز احمد1 اگست 2015

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک سنسی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/1G8TG
Cricket First Twenty 20 Sri Lanka vs Pakistan
تصویر: Reuters/D. Liyanawatte

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اووروں میں 172 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، تاہم پاکستانی ٹیم نے ابتدائی وکٹیں جلدی کھو دینے کے باوجود یہ پہاڑ عبور کر لیا۔ سری لنکا کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز کیا گیا، تو اسے پہلا نقصان 24 کے مجموعی اسکور پر ہوا، جب دلشان 12 گیندوں پر دس رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کے دوسرے اوپننگ بلے باز پیریرا بھی زیادہ دیر تک وکٹ نہ بچا سکے اور وہ 19 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ سری لنکا کی جانب سے سرفہرست بلے بازوں میں کاپوگیڈیرا تھے، جنہوں نے ناقابل شکست 48 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ جے سوریا نے 40 رنز کی بھرپور اننگ کھیلی۔

اس کے بعد سری لنکا کی ٹیم تیزی کے ساتھ اپنے رنز بڑھاتی رہی۔ مقررہ بیس اووروں میں سری لنکا نے سات وکٹوں کے نقصان پرآٹھ اعشاریہ سات کی اوسط سے 172 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے ایک کے بعد ایک وکٹ کھو دی۔ ایک وقت تھا کہ صرف 40 رنز پر پاکستان کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس کے بعد شاہد آفریدی نے نہ صرف انتہائی زیادہ درکار رنز ریٹ اور دباؤ کو اپنی دھواں دھار بیٹنگ سے کم کیا بلکہ صرف 22 گیندوں پر 45 رنز بنا کر پاکستانی ٹیم کو دوبارہ میچ میں لے آئے۔ انہیں جے سوریا نے بولڈ کیا۔

اس کے بعد انور علی نے تیز رفتاری سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے صرف 17 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ وہ پاکستانی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔

آخری اوور میں پاکستان کو چھ رنز درکار تھے اور اس کے پاس کوئی وکٹ باقی نہیں تھی، تاہم عماد وسیم نے اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر فتح کی سرحد عبور کر لی۔ عماد نے 14 گیندوں پر 24 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔