1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹورنٹو میں بین الاقوامی ایڈز کانفرنس کا دوسرا دن

16 اگست 2006

فرانس کے صدر ژاک شیرا ک نے آج کانفرنس کے شرکاءکے نام اپنے پیغام میں بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ایڈز کے خلاف جدو جہد کے سلسلے میں کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔انہوں نے کہا یہ اخلاقی طور پر ناقابل قبول بات ہے کہ ایڈز کے مریضوں کی اکثریت تو جنوب کے ممالک میں ہو اور اس بیماری کے بچاﺅ کے وسائل شمال کے ممالک کے پاس ہوں۔

https://p.dw.com/p/DYKG
تصویر: AP

آج ٹورنٹو میں ایڈز کی سولوھوں بین الاقوامی کانفرنس کا دوسرا دن تھا۔ یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایڈز کے بارے میں ابتدائی تصورات اور احساسات بالکل تبدیل ہو چکے ہیں۔

آج سے دس برس پہلے ایڈز کی بیماری کو صرف آزادانہ جنسی روابط کے تناظر میں دیکھا جاتا تھا اور ایڈز میں مبتلا شخص نفرت انگیز سمجھا جاتا تھا لیکن آج نہ صرف ایڈز کی بیماری کو نفرت سے زیادہ ہمدردی کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ اس بیماری کا شکار ہونے والے خواتین کے بے کس و مجبورطبقے پر خاص طور پر توجہ دی جارہی ہے۔

اس کانفرنس کی شاندار افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائکرو سافٹ کے بانی Bill Gates اور ان کی اہلیہ نے کہا ہے دنیا بھر میں خواتین کا طبقہ سب سے زیادہ ایڈز کی بیماری کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا دنیا کے غریب ترین ممالک میں عورتوں کی زندگی خود ان کے ہاتھ میں نہیں ہے چنانچہ اگر وہ ایڈز کی بیماری میں مبتلا ہوتی ہیں تو اسے ان کے لئے باعث ننگ و عار تصور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا بھارت میں ایڈز کی وجہ سے خواتین کو گھر سے باہر نکال دیا جاتا ہے اور اس ملک کے دیہی علاقوں کی صرف8 فی صد خواتین کو ایڈز کے بارے میں معلومات ہیں۔ سابق امریکہ صدر بل کلنٹن کا کہنا تھا مخصوص ثقافتی سوچ کی وجہ سے اس بیماری کو حقارت آمیز تصور کیا جاتا ہے جبکہ چین جیسے ممالک کی ثقافتی سوچ میںاس حوالے سے کافی حد تک تبدیلی آچکی ہے۔

انہوں نے کہا چین کئی سال تک ملک میں ایڈز کی موجودگی کا انکار کرتا رہا ہے لیکن پھر حکومت نے اس پالیسی کو تبدیل کر دیا ہے۔ ٹورنٹو میں ہونے والی کانفرنس کی ترجیحات میں سے ایک ایڈز کے وائرس کے ختم کرنے کے لئے تحقیقات کے عمل کو تیز کرنا ہے تاکہ خواتین کو ایڈز کے وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ادھر ایڈز، تب دق اور مالیریا کا مقابلہ کرنے والے عالمی مالیاتی ادارے نے ایڈز کے سلسلے میں فنڈز جمع کرنے کے لئے ڈاک کا ٹکٹ جاری کیا ہے ۔ خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی اس ٹکٹ پر مہلک وائرس HIV کی تصویر کے ساتھ یہ نعرہ درج ہے ، امید ایڈز سے زیادہ تیز پھیلتی ہے۔ یہ اسکیم سینے کے سرطان کے لئے فنڈ ریزنگ کے کامیاب طریقے کو دیکھ کر شروع کی گئی ہے کہ جس میںچالیس ملین ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔

دوسری طرف آج ٹورنٹو میں مذہبی کارکنوں نے مذہبی رہنماﺅں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایڈز کے حوالے سے عذاب الہی اور قہر خدا جیسے الفاظ کو استعمال کرنے سے اجتناب کریں۔

درین اثنا آج کی کانفرنس میں اہم میڈیکل ریلف ایجنسی MSF نے کہا ہے کہ ایڈزمیں مبتلا پانچ لاکھ سے زائد بچوں کوفوری طبی ا مداد اور بچوں کے امراض سے متعلق ادویات کی قیمتوں کم کرنے کی ضرورت ہے۔Doctors Without Borders تنظیم MSF نے کہا ہے 6,60,000 بچو ں میں سے صرف پانچ فی صد بچوں کو طبی امداد مل پا رہی ہے۔