1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کے اعلان کے بعد اسرائيلی وزير اعظم روس روانہ ہو گئے

9 مئی 2018

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ايرانی جوہری ڈيل سے دستبرداری کے اعلان کے کچھ ہی گھنٹوں بعد اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو روسی صدر پوٹن سے ملاقات کے ليے ماسکو روانہ ہو گئے ہيں۔

https://p.dw.com/p/2xPO3
Russland Militärparade in Moskau zum Tag des Sieges
تصویر: Reuters/M. Shemetov

روانگی سے قبل اسرائيلی وزير اعظم نے روسی صدر کے ساتھ اس دورے کے دوران ہونے والی اپنی ملاقات کے بارے ميں بدھ کے روز کہا، ’’ہمارے درميان ملاقاتيں ہميشہ اہم ہوتی ہيں اور يہ ملاقات بھی اسی نوعيت کی ہے۔‘‘ بينجمن نيتن ياہو کے بقول شام ميں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی وجہ سے يہ لازمی ہے کہ روسی اور اسرائيلی افواج کے مابين مشاورت جاری رہے۔

دريں اثناء روسی وزارت خارجہ نے امريکی صدر کی جانب سے ايرانی جوہری ڈيل سے دستبرداری کے فيصلے پر گہری مايوسی کا اظہار کيا ہے۔ اس کے برعکس اسرائيل نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اقدام کو جرأت مندانہ قرار ديتے ہوئے اس کی مکمل حمايت کا اعلان کيا ہے۔ نيتن ياہو شروع ہی سے سابق امريکی صدر باراک اوباما کے دور میں طے پانے والی ايران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابين اس ڈيل کے خلاف تھے۔

يہ امر اہم ہے کہ اسرائيل خانہ جنگی کے شکار ملک شام ميں ايران کی مبينہ عسکری سرگرميوں کے حوالے سے تشويش کا شکار ہے۔ دوسری جانب ايران شامی صدر بشار الاسد کا حامی ملک ہے اور سفارتی اور عسکری سطح پر دمشق حکومت کی حمايت جاری رکھے ہوئے ہے۔ روس بھی اسد حکومت کا حامی ہے اور اس نے شام ميں اپنے دستے بھی تعينات کر رکھے ہيں۔ شام ميں براہ راست عسکری تصادم سے بچنے کے ليے اسرائيلی اور روسی حکام ايک ہاٹ لائن کے ذريعے رابطے ميں بھی رہتے ہيں۔

اسرائيلی وزير اعظم اس عزم کا اظہار کر چکے ہيں کہ وہ ايران کو شام ميں اپنے خلاف ايک نيا محاذ کھولنے کی اجازت نہيں ديں گے۔ يہاں يہ بات بھی اہم ہے کہ شام ميں مبينہ طور پر ايرانی فوجيوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے چند فضائی حملوں کا الزام اسرائيل پر عائد کيا جاتا ہے۔ اگرچہ اسرائيل نے براہ راست ان فضائی حملوں کی ذمہ داری قبول نہيں کی تاہم يہ ضرور تسليم کيا ہے کہ اس نے ايرانی حمايت يافتہ لبنانی شيعہ ملیشیا حزب اللہ کو ہتھياروں کی فراہمی روکنے کے ليے متعدد مرتبہ سرحد پار کارروائی کی ہے۔

ایرانی ڈیل اور شام کا مسئلہ کیا ہے، یورپی امریکی اختلافات کیا ہیں؟

ع س / م م، نيوز ايجنسياں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید