1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹائیگر کی زندگی مشکلات میں

21 دسمبر 2009

گولف کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی ٹائیگر ووڈز کی زندگی ان دنوں شدید بھنور میں پھنسی دکھائی دیتی ہے۔

https://p.dw.com/p/L9YI
تصویر: AP

حال ہی میں بیوی سے بیوفائی کے اعتراف اور اس کے بعد گولف سے کنارہ کشی کے فیصلے نے ووڈز کی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں۔

ٹائیگر ووڈز کے لئے تازہ ترین بری خبر، سوئٹزرلینڈ کی گھڑی سازی کمپنی، ٹاگ ہوئیر Tag Heuer کی طرف سے موصول ہوئی ہے۔ اس ادارے نے امریکہ کے لئے اپنی اشتہاری مہم سے ووڈز کو خارج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹاگ ہوئیر کے مطابق، ٹائیگر ووڈز کی حالیہ حرکتوں کے بعد، اپنے بعض صارفین کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل، تکنیکی معاملات سے متعلق مشورے دینے والی کمپنی Accenture اور ریزر بنانے والی کمپنی جلیٹ بھی گالف چمپئن کے ساتھ اشتہاری مہم کے معاہدے ختم کرچکی ہیں۔

Tiger Woods mit Freundin Elin Nordegren
ووڈز کی اہلیہ الین طلاق لینے کی کوششوں میں مصروف ہوگئی ہیں۔تصویر: picture-alliance / dpa

سوئس گھڑی ساز ادارے ٹاگ ہوئیر کے چیف ایگزیکٹو جین کرسٹوف بیڈن نے تسلیم کیا ہے کہ ووڈز بلاشبہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں البتہ کمپنی، حال ہی میں ان کی جانب سے کئے گئے انکشافات کے اثرات اپنے بعض حساس طبیعت صارفین پر پڑنے نہیں دینا چاہتی۔ سوئس اخبار لی ماٹن کو دئے گئے انٹرویو میں ٹاگ ہوئیر کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ اشتہاری مہم میں ووڈز کی تصویروں کے استعمال پر پابندی عارضی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ووڈز کی سماجی بہبود سے متعلقہ خیراتی ادارے کی امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ٹائیگر ووڈز اپنے انتہائی معیاری کھیل اور مستقل مذاجی سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے حوالے سے مشہور رہے ہیں۔ تاہم، ووڈز کی جانب سے چودہ خواتین کے ساتھ ناجائز جنسی تعلقات کے اعتراف نے چودہ بار کے گالف چمپئن کے کردار پر بدنما داغ لگادئے ہیں۔ ووڈز کی بیوی الین جو کہ سابقہ سویڈش ماڈل رہی ہیں، اطلاعات کے مطابق ووڈز سے طلاق لینے کی تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہیں۔ ٹائیگر ووڈز کی البتہ دلی خواہش ہے کہ وہ کسی طرح اپنی ازدواجی زندگی کو بگڑنے سے روک سکیں۔

USA PGA Championship Golf Tiger Woods von Yang Yong-Eun geschlagen
ٹائیگر ووڈز کو ان کے تیرہ سالہ کیرئیر میں دسویں بارPGA Tour کے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔تصویر: AP

امریکہ میں کھیلوں کی مصنوعات سے متعلقہ بڑے برانڈ، Nike کی معاونت تاہم ابھی بھی ووڈز کے ساتھ ہے۔ Nike ہر سال ٹائیگر ووڈز کو اندازً چالیس ملین ڈالر دیتا ہے۔ نائیکے کے چیئر مین فل نائیٹ کے بقول ووڈز کی زندگی سے متعلق بدلتی صورتحال ایک معمولی سی بات ہے۔ ان کے بقول جب ٹائیگر وڈز کا کیرئیر ختم ہوجائے گا، پھر جب لوگ اس کی کارکردگی پر نظر ڈالیں گے تو ان واقعات کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔

بدنامی کے حالیہ لہر کے باوجود، ٹائیگر ووڈز کو ان کے تیرہ سالہ کیرئیر میں دسویں بارPGA Tour کے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ووڈز رواں برسکے دوران چھ ٹورنامنٹس جیت چکے ہیں۔

رپورٹ : شادی خان

ادارت : عدنان اسحاق