1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹائیگر وڈز کی سابقہ بیوی بالآخر بول پڑیں

26 اگست 2010

باقاعدہ طلاق کے دو روز بعد معروف گولفر ٹائیگر وڈز کی بیوی نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر نے پے در پے ناشکری سے انہیں ’جہنم میں‘ دھکیل دیا۔

https://p.dw.com/p/OwZY
تصویر: picture-alliance / dpa

ٹائیگر وڈز کی سابقہ بیوی ایلن نورڈگرین کا یہ پہلا اور ان کے اصرار کے مطابق آخری بیان تھا۔ دو روز قبل ٹائیگر وڈز اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیٰحدگی کو باقاعدہ طور پر قانونی حیثیت دے دی گئی تھی۔

دوسری جانب ایک گولف ٹورنامنٹ میں وڈز کو کیمروں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر خود پر لگائے گئے تمام الزامات قبول کئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے رشتہء ازدواج کے ٹوٹنے کی ایک وجہ مسلسل غلطیاں تھیں، جنہوں نے اس رشتے کے ساتھ ساتھ ان کے تشخص پر بھی منفی اثرات ڈالے۔ بدھ کے روز ٹائیگر وڈز نے اپنے ایک بیان میں کہا:’’آپ کبھی شادی اس لئے نہیں کرتے کہ ایک روز آپ کی طلاق ہو جائے۔‘‘

Tiger Woods Golf
ٹائیگر وڈز نے اپنی بے وفائی کا اعتراف کیاتصویر: AP

انہوں نے کہا کہ ان کی کوتاہیاں اور غلطیاں ان کے رشتہء ازدواج کو اس نہج تک لائیں:’’میں نے یقینی طور پر بہت سے غلطیاں کی ہیں اور مجھے اب ان کے ساتھ ہی زندگی گزارنی ہے۔‘‘

ٹائیگر وڈز سے علیٰحدگی اختیار کرنے والی ان کی سویڈن نژاد بیوی نے بدھ کے روز ایک عوامی میگزین میں شائع ہونے والے اپنے ایک بیان میں ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ انہوں نے کبھی اپنے سابقہ شوہر کو پیٹا تھا:’’ہمارے درمیان گھر کے اندر یا گھر کے باہر کبھی کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔‘‘

میڈیا رپورٹوں میں نورڈگرین پر الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ انہوں نے امریکی ریاست فلوریڈا کے نواح میں گاڑی چلاتے ہوئے ٹائیگر وڈز پر ہاتھ اٹھایا تھا، جس کی وجہ سے وڈز کی کار حادثے کا شکار ہوئی تھی۔ نورڈگرین کے مطابق ایسی افواہیں سراسر مضحکہ خیز ہیں۔

USA PGA Championship Golf Tiger Woods
امریکی گولف سٹار ٹائیگر وڈزتصویر: AP

نورڈگرین نے مزید کہا کہ انہیں یہ معلوم ہی نہ ہو پایا کہ ان کا شوہر ان سے بے وفائی کر رہا ہے:’’میں اس بات پر شرمندہ ہوں کہ میں نے کبھی اس پر شک نہیں کیا۔ ایک بار بھی نہیں۔ پچھلے ساڑھے تین برسوں میں، جب یہ سب ہو رہا تھا، میں گھر میں بیٹھی زچگی، بچوں اور سکول کے ساتھ ساتھ بہت سی دیگر چیزوں میں مگن رہی۔‘‘

میڈیا رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ اس علیٰحدگی کے بدلے نورڈگرین کو لگ بھگ 100 ملین ڈالر ملے ہیں تاہم نورڈگرین نے اس حوالے سے کچھ بھی بتانے سے گریز کیا:’’پیسے سے آپ خوشیاں نہیں خرید سکتے۔ میں اپنا خاندان دوبارہ نہیں ملا سکتی۔‘‘

واضح رہے کہ صف اول کے ٹینس سٹار ٹائیگر وڈز کی ازدواجی زندگی میں یہ موڑ اس وقت آیا، جب یہ خبریں سامنے آئیں کہ انہوں نے اپنی بیوی سے چھپ کر متعدد خواتین سے جنسی تعلقات قائم کئے۔ اس کے بعد وڈز نے اپنی بے وفائی قبول بھی کی تھی اور اپنی بیوی سے اس کی معافی بھی مانگی تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی