1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يہ بھارتی وزير اعظم الٹے قدم کيوں چل پڑے؟

13 جون 2018

بھارتی وزير اعظم نريندر مودی کی ايک ويڈيو جاری ہوئی ہے، جس ميں وہ الٹے قدم چلتے ہوئے اور ورزش کرتے ہوئے بتا رہے ہيں کہ اس عمر ميں بھی ان کی جسمانی صحت اور چستی کا راز کيا ہے۔

https://p.dw.com/p/2zTGQ
Indien Wahlen in Gujarat
تصویر: Reuters/A. Dave

اس ويڈيو ميں سڑسٹھ سالہ نريندر مودی اپنے ہم وطنوں پر زور دے رہے ہيں کہ وہ ان کے نقش و قدم پر چليں۔ مودی کہتے ہيں، ’’يوگا کے علاوہ ميں کائنات کے پانچ عناصر ترکيبی (Panchtatvas) يعنی پرتھوی (Earth)، جل (Water)، اگنی (Fire)، وايو (Air) اور آکاش (Sky) کے دکھائے ہوئے راستے پر چلتا ہوں۔ يہ آپ کو تازہ دم کر دينے کی صلاحيت رکھتے ہيں۔ اس کے علاوہ ميں سانس کی مختلف ورزشيں بھی کرتا ہوں۔‘‘

بھارتی وزير اعظم کی يہ ويڈيو بدھ تيرہ جون کو جاری کی گئی اور کچھ ہی گھنٹوں ميں اسے دو لاکھ سے زائد مرتبہ ديکھا جا چکا ہے۔ مودی کے حامی ان کی جسمانی قوت اور کم سونے کے باوجود بہترين انداز سے کام کرنے جيسی صلاحيتوں سے کافی متاثر ہيں۔ اپنی اس تازہ ويڈيو ميں مودی دارالحکومت نئی دہلی ميں اپنی رہائش گاہ کے باغيچے ميں الٹے چل کر، ورزش کر کے اور مختلف جسمانی حرکات کی مدد سے لوگوں کو قدرت سے متاثرہ ورزش کرنے کی ترغيب دے رہے ہيں۔ يہ ويڈيو در اصل نامور بھارتی شہريوں کی ايسی ہی ويڈيوز کا ايک حصہ ہے۔ ايک مختلف ويڈيو ميں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی موٹاپے اور ناقص صحت کے حوالے سے بات کرتے ديکھے جا سکتے ہيں۔

اس ويڈيو کے ايک حصے ميں مودی کالے رنگ کا ٹريک سوٹ پہنے دکھائی ديتے ہيں تو ايک اور ميں وہ ورزش کے ليے الٹے قدموں چل پڑتے ہيں۔ کہيں وہ يوگا کے مخصوص طرز سے بيٹھے ہيں۔ مودی کی اس ويڈيو کے منظر عام پر آنے کے بعد ان کے حکومت ميں شامل وزراء اور ديگر اہلکار ان کی تعريفوں کے پل باندھنے ميں مصروف ہيں۔ تاہم عوام ميں کچھ ايسے بھی ہيں، جن کے خيال ميں يہ سب کچھ زيادہ متاثر کن نہيں۔

سبز ماحول دوست عمارتوں کے فوائد

ع س / ع ا، نيوز ايجنسياں