1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویڈیو، گیم، نیند، نوجوان، ٹین ایجر، ڈوئچے، ویلے، وائس، آف، جرمنی

17 مئی 2011

ایک نئی تحقیق کے مطابق ایسے نوجوان جو بہت زیادہ ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں وہ عام طور پر اس ایج گروپ کو درکار نیند کے مقابلے میں کم سوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11HoO
تصویر: AP

امریکی ماہرین نفسیات کے ادارے 'American Psychiatric Association' کے سالانہ اجلاس کے دوران محققین کا کہنا تھا کہ یہ انکشاف 12 سے 20 برس کی درمیانی عمر کے 16 ہزار نوجوانوں کے بارے میں اعداد وشمار کے تجزیے سے ہوا۔ طبی ماہرین اس عمر کے نوجوانوں کے لیے آٹھ سے نو گھنٹے کی نیند ضروری خیال کرتے ہیں۔ اعداد وشمار سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ایسے نوجوان جو سات گھنٹے سے کم نیند لیتے ہیں وہ مناسب ورزش بھی نہیں کرتے، جس کی وجہ سے ان کی صحت شدید متاثر ہوسکتی ہے۔

یونیورسٹی آف آرکنساس فار میڈیکل سائنسز کے شعبہ نفسیات کی ماہر اور تحقیق کی سربراہ کیرِس فٹز جیرالڈ Caris Fitzgerald کے مطابق ضرورت سے کم نیند لینا یوں تو ہر ایک کے لیے نقصان دہ ہے، مگر خصوصی طور پر نوجوانوں کے لیے تو بہت ہی زیادہ۔

Russland - Masken gegen Schweinegrippe
کم نیند لینا یوں تو ہر ایک کے لیے نقصان دہ ہے، مگر خصوصی طور پر نوجوانوں کے لیے تو بہت ہی زیادہ، فٹزجیرالڈتصویر: picture-alliance/ dpa

کم نیند لینے کی وجہ سے کئی ایک مضر اثرات سامنے آتے ہیں جن میں تھکن، ذہنی ارتکاز میں کمی، بیزاری، چڑچڑا پن، جلد غصے میں آنا اور خودکشی کے زیادہ خیالات آنا وغیرہ شامل ہیں۔ لیکن تازہ تحقیق کے مطابق محض 10 فیصد امریکی نوجوان ایسے ہیں جو ضروری نیند لیتے ہیں۔ فٹزجیرالڈ کے مطابق چونکہ ٹین ایجرز کی نہ صرف جسمانی نشوو نما ہورہی ہوتی ہے بلکہ نئی چیزیں سیکھنے کے سبب اس عمر میں ان کی یاداشت بھی بہت اہم ہوتی ہے، لہٰذا ضروری نیند لینا ان کے لیے اور زیادہ اہم ہے۔

فٹز جیرالڈ نوجوانوں میں کم نیند لینے کی وجوہات کے بارے میں کہتی ہیں: ’’ جب معاملہ ٹین ایجرز کا آتا ہے تو بہت سی چیزیں ان پر اثر انداز ہوتی ہے، مثلاﹰ انہیں اس بات میں زیادہ آزادی محسوس ہوتی ہے کہ وہ دیر سے سونے کے لیے جائیں، اس کے علاوہ ان سے والدین اور ان کے ہم عمر لوگوں کی توقعات یا مثال کے طور پر آدھی رات کے وقت ایس ایم ایس پیغامات بھیجنا انہیں اچھا لگتا ہے۔‘‘

محققین اس نئی تحقیق میں یہ نتیجہ اخذ نہیں کرسکے کہ آن لائن گیمنگ اور کم نیند کے درمیان تعلق کی وجہ کیا ہے، تاہم فٹزجیرالڈ کے مطابق یہ ثبوت ضرور ملے ہیں کہ نوجوان جدید میڈیا کو جتنا کم استعمال کرتے ہیں اتنا ہی ان کی نیند زیادہ ہوتی ہے۔

تاہم اس نئی تحقیق میں نوجوانوں کے لیے ایک اچھی بات ضرور ہے اور وہ یہ کہ ٹیلی وژن دیکھنے سے نیند کے اوقات پر عام طور پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں