1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینکوور: جرمن ورلڈ چیمپئین رِیش کا پہلا اولمپک گولڈ

19 فروری 2010

اکیسویں سرمائی اولمپک مقابلوں کے چھٹے روز جرمنی کی ماریا رِیش نے خواتین کے سپر کمبائنڈ شعبے میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ ڈاؤن ہل چیمپئین لنڈسے ون سلالم سیکشن سے ایک کریش کی وجہ سے خارج ہو گئیں۔

https://p.dw.com/p/M5NK
جرمن کھلاڑی ماریا رِیشتصویر: AP

اکیسویں سرمائی اولمپک مقابلوں کے چھٹے روز جرمنی کی ماریا رِیش نے خواتین کے سپر کمبائنڈ شعبے میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ ڈاؤن ہل چیمپئین لنڈسے ون سلالم سیکشن سے ایک کریش کی وجہ سے خارج ہو گئیں۔

اس کے علاوہ جمعرات ہی کو بیا تھلان مقابلوں میں ناروے کے کھلاڑی دو طلائی تمغے جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ میزبان ملک کینیڈا امسالہ ونٹر اولمپکس میں اپنا تیسرا گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہا۔ کینیڈا کے لئے یہ گولڈ میڈل خواتین کے اسپیڈ اسکیٹنگ مقابلوں میں کرسٹین نیسبٹ نے جیتا۔

امریکی کھلاڑی لنڈسے ون کو امید تھی کہ جمعرات کو وہ وینکوور اولمپکس میں بدھ کو اپنا پہلا گولڈ میڈل جیتنے کے اگلے ہی روز دوسرا طلائی تمغہ بھی حاصل کر لیں گی۔ ان کی یہ خواہش اس وقت نا مکمل ہی رہ گئی جب سپر کمبائنڈ مقابلوں میں انہیں ڈاؤن ہل میں تو کافی برتری حاصل تھی مگر سلالم سیکشن میں وہ ایک گیٹ کے ساتھ ٹکرا جانے کے بعد اس ایونٹ سے خارج ہو گئیں۔

Olympische Spiele 2010 Canada Vancouver Vorbereitung
تمغوں کی دوڑ میں امریکہ سرفہرست ہےتصویر: AP

لنڈسے ون کی ہم وطن اور امریکی ٹیم میں شامل ایک اور کھلاڑی جولیا مینکوسو بہرحال حیران کن طور پر اس شعبے میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں جبکہ سویڈن کی آنیا پیرسن نے اس مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا۔

بیاتھلان مقابلوں میں ناروے کی ٹورا بیرگر نے خواتین کی پندرہ کلومیٹر کی ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور یوں انہوں نے وہ طلائی تمغہ جیتا جو ونٹر اولمپکس میں آج تک ناروے کو ملنے والا مجموعی طور پر 100 واں گولڈ میڈل ہے۔ اس ایونٹ میں قاذخستان کی ایلینا خروستالیوا دوسرے نمبر پر رہیں اور انہیں چاندی کا تمغہ ملا جو سرمائی اولمپک مقابلوں میں قاذخستان کے کسی بھی مرد یا خاتون کھلاڑی کو آج تک ملنے والا پہلا میڈل تھا۔

جرمنی کی ماریا رِیش نے، جو ڈاؤن ہل مقابلوں میں بدھ کے روز محض آٹھویں پوزیشن حاصل کر سکی تھیں، وینکوور اولمپکس کے چھٹے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وسلر کریک سائیڈ کے مقام پر الپائن اسکیئنگ کے سپر کمبائنڈ مقابلوں میں گولڈ میڈل کی حقدار قرار پائیں۔

الپائن اسکیئنگ کے سلالم مقابلوں میں اس وقت عالمی چیمپئین کے اعزاز کی حامل ماریا رِیش نے اولمپک مقابلوں میں اپنا پہلا میڈل جیتنے کے بعد کہا کہ ان کے لئے وینکوور میں طلائی تمغہ جیتنا واقعی ایک شاندار احساس ہے۔

رِیش نے کہا: ’’میں جانتی تھی کہ میرا موڈ اچھا تھا۔ اس کا ایک روز پہلے کے تجربات سے کوئی موازنہ ہی نہیں تھا۔ میرے اندر ایک خاص طرح کا سکون تھا۔ مجھے علم تھا کہ میرے لئے یہ کورس بہت اچھا ہے۔ یوں میں نے اپنی دوڑ اس طرح جاری رکھی کہ وہ میڈل حاصل کر سکوں جو بالآخر مجھے مل بھی گیا۔‘‘

جمعرات کو وینکوور اولمپکس کے چھٹے روز کے زیادہ تر مقابلے مکمل ہو جانے اور مجموعی طور پر 96 تمغے دئے جانے کے بعد میڈل ٹیبل پر امریکہ اپنے پانچ طلائی تمغوں سمیت کل پندرہ میڈلز کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا۔ دوسرے نمبر پر اپنے گیارہ تمغوں کے ساتھ جرمن کھلاڑی تھے اور تیسری پوزیشن پر ناروے جس کے کھلاڑی تب تک آٹھ میڈل جیت چکے تھے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید