1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینس فلم فیسٹول کا آغاز نتالی پورٹمین کی فلم سے

24 جولائی 2010

فلم دنیا کے قدیم ترین فیسٹول میں بہترین ایوارڈ کو سنہرا شیر یا گولڈن لائن کہا جاتا ہے۔ یہ فیسٹول اٹلی کے تاریخی اور سیاحوں کے من پسند شہر وینس میں منعقد کیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/OTSl
نتالی پورٹمین: فائل فوٹوتصویر: AP

ویسے تو وینس بین الاقوامی فلم فیسٹول کی شروعات ہر سال اگست کے مہینے میں ہوا کرتی ہے لیکن اس بار یہ میلہ پہلی ستمبر سے شروع ہو گا۔ اس فلم فیسٹول کے حوالے سے اہم اعلانات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ وینس فلم فیسٹول کی جیوری اور افتتاحی فلم کے نام کا اعلان ہو گیا ہے۔ گیارہ دنوں تک جاری رہنے والے قدیمی فلمی میلے میں انعامی مقابلے کے ساتھ ساتھ بے شمار ایسی فلمیں پیش کی جاتی ہیں جن کی تشہیر ضروری خیال کی جاتی ہے۔

رواں سال پہلی ستمبر سے وینس بین الاقوامی فلمی میلے کی افتتاحی فلم 'بلیک سوانک'(Black Swank) ہو گی۔ مزاج کے اعتبار سے یہ فلم تھرلر کیٹگری میں آتی ہے۔ پرتجسس فلم بلیک سوانک کی کہانی دو رقاصاؤں کے گرد گھومتی ہے۔ اصل میں ان کو ایک رقص امتحان کا سامنا ہے اور اس امتحان میں ان کا سخت مقابلہ فلم کا مرکزی نکتہ ہے۔ ایک بیلے ڈانسر خوبرو اداکارہ نتالی پورٹمین ہے اور دوسری وینونا رائیڈر ہیں۔ وینونا رائیڈر کی مشہور فلموں میں آٹم اِن نیویارک ہے۔ اس فلم کے ہدایتکار ڈیرین ارونوفسکی ہیں۔ ارونوفسکی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ سن 2008 کے وینس میلے میں بہترین فلم کا گولڈن لائن ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ اس وقت ان کی فلم کا نام تھا دی ریسلر۔ ارونوفسکی نے بلیک سوانک کے وینس فلم فیسٹول میں پریمیئر کو ایک اعزاز قرار دیا ہے۔

Flash-Galerie Venedig 2009 Biennale
گزشتہ سال کے وینس فلمی میلے میں مشیل یی کی آمد اہم تھی۔تصویر: AP

انٹرنیشنل وینس فلم فیسٹول کے لئے پیش کی جانے والی فلموں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ سردست ان کی ابتدائی پرکھ ہو رہی ہے۔ اس انٹرنیشنل میلے کے لئے جیوری کے صدر امریکی ہدایتکار Quentin Tarantino ہیں۔ کوینٹن تارنٹینو کئی شہرہ آفاق فلموں کے خالق ہیں۔ ان کی فلمیں تمام معتبر فلم فیسٹول میں پذیرائی، دادو تحسین اور انعامات حاصل کر چکی ہیں۔

وینس بین الاقوامی فلم فیسٹول کی ابتدا سن 1932سے ہوئی تھی۔ اس کے بانی اس وقت کے مشہور تاجر اور فاشسٹ سیاستدان Giuseppe Volpi تھے۔ بہترین اور دوسرے مقام پر آنے والی فلموں میں گولڈن اور سلور لائن بطور انعام دیا جاتا ہے۔ گزشتہ سال اسرائیل کے ہدایتکار سموئیل معاذ کی فلم لبنان کو بہترین فلم کا انعام دیا گیا تھا۔ ایران کے معروف ہدایتکار جعفر پناہی کی فلم دائرہ بھی اس فلم فیسٹول میں اعلیٰ ترین انعام حاصل کر چکی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعون

.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں