1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویلنگٹن ٹیسٹ: پاکستان کا اچھا آغاز

16 جنوری 2011

ویلنگٹن ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 134 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 356 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/zyFl
نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینئل ویٹوریتصویر: AP

دوسرے دن کے اختتام تک میزبان ٹیم کو اس وقت 222 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اس دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جب پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپننگ کھلاڑی محمد حفیظ ایک کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔

ساؤتھی کی ایک عمدہ گیند پر جب وکٹ کیپر ریسی ینگ نے ان کا کیچ پکڑا تو پاکستان کا مجموعی سکور صرف دو تھا۔ تاہم بعد ازاں توفیق عمر نے 70 جبکہ اظہر علی نے 62 رنز کی بدولت دن کے اختتام تک پاکستان کا سکور 134 رنز تک پہنچا دیا۔ توفیق عمر دوسرے دن کی آخری گیند پر گپٹل کو کیچ دے بیٹھے۔ انہیں نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینئل ویٹوری نے آؤٹ کیا۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کی ساجھے داری میں 132 رنز جوڑے۔

Indien Umer Gul
عمر گل پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر رہےتصویر: AP

اس سے قبل جب نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے دن کے سکور 246 چھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ویٹوری اور وکٹ کیپر بیٹسمن ریسی ینگ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ینگ نے ستاون جبکہ ویٹوری نے 110 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ویٹوری کی یہ دوسری ٹیسٹ سینچری تھی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو اس مشکل وقت میں سہارا دیا، جب پاکستانی بولرز نے ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پریشان کر دیا تھا۔ دونوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت داری میں 138اہم رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے عمر گل نے چار، تنویر احمد نے تین، عبدالرحمان نے دو جبکہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔ وکٹ کیپر عدنان اکمل نے اس اننگز میں مجموعی طور پر چھ کیچ پکڑے۔ دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں اس وقت پاکستان کو برتری حاصل ہے۔ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں