1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویلنگٹن ٹیسٹ: مصباح ننانوے پر آؤٹ

17 جنوری 2011

نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان اپنی برتری کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش میں ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 376 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/zyWX
مصباح الحق: فائل فوٹوتصویر: AP

میچ کے دوسرے دن نصف سینچری بنانے والے اظہر علی تیسرے دن جلد آؤٹ ہو گئے ہوگئے۔ ان کے بعد کپتان مصباح الحق نے تجربہ کار یونس خان کا ساتھ دینا شروع کیا۔ دونوں نے لنچ تک پاکستانی ٹیم کا اسکور 209 تک پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کے بالروں نے وکٹ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن یونس خان اور مصباح الحق گیندوں کو میرٹ پر کھیلتے رہے۔ ان کی شراکت چائے کے وقفے تک قائم رہی۔

دونوں کھلاڑیوں نے چوکے مار کر اپنی اپنی نصف سینچری کو مکمل کیا تھا۔ خاص طور پر یونس خان کا کھیل مبصرین کے نزدیک بہت اہم اور شاندار تھا۔ انہوں نے اپنے کھیل سے مصباح الحق کو بھی کریز پر اعتماد دیا۔ چائے کے وقفے پر پھینکی جانے والی آخری گیند پر یونس خان کو ویٹوری نے کیچ آؤٹ کروا دیا۔ انہوں نے 73رنز بنائے۔ یونس خان ایک طرح سے بدقسمت رہے کہ گیند نے ان کے بیٹ کو چھوا ہی نہیں تھا لیکن امپائر راڈ ٹکر نے ایک زوردار اپیل کے اثر میں ان کو آؤٹ قرار دے دیا۔

Younus Khan pakistanischer Cricketspieler
یونس خان: فائل فوٹوتصویر: AP

مصباح الحق بھی بدقسمت رہے اور وہ 99 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ویلنگٹن ٹیسٹ کے تیسرے دن مصباح نے مسلسل پانچ اننگز میں نصف سینچریاں بنائی ہیں۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے کپتانی کا بوجھ سنبھالنے کے بعد اپنے کھیل میں ایک نئی زندگی اور توانائی پیدا کر لی ہے۔

یونس اور مصباح کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت 142 رنز کی بنی۔ لنچ کے بعد، دو گھنٹوں میں پاکستانی بیٹسمینوں نے 79 رنز بنائے تھے۔ مجموعی طور پر کھیل ان کی گرفت میں رہا ۔ چائے کے وقفے کے فوراً بعد اسد شفیق بغیر کسی سکور کے ویٹوری کا شکار بنے۔ عدنان اکمل نے وکٹ کیپنگ میں چھ کیچ پکڑنے کے بعد بیٹنگ میں بھی دھواں دھار 22 رنز بنائے۔ پاکستان کی ساری ٹیم 376 کے اسکور پر آؤٹ ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ویٹوری اور مارٹن نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔

ویلنگٹن کے بیسن ریزرو میدان پر اگلے دونوں دن موسم خراب رہنے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ زوردار بارش کا یقینی امکان ہے۔ اس مناسبت سے اگر یہ میچ ڈرا ہو جاتا ہے تو گزشتہ چار سالوں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پہلی ٹیسٹ سیریز میں فتح ہو گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں