1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وکی پیڈیا کے دس برس مکمل

13 جنوری 2011

انٹرنیٹ پر صارفین کی طرف سے تیارکردہ انسائکلو پیڈیا کے دس سال مکمل ہورہے ہیں۔ اس موقع پر وکی پیڈیا کے بانی نے دنیا بھر میں علم کی ترویج کے لیے اپنی ویب سائٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو استعمال کرنے کا عزم کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/zxGE
تصویر: picture-alliance/dpa

اپنے قیام کے بعد سے گزشتہ دس برسوں کے دوران غیر منافع بخش بنیادوں پر کام کرنے والی اس مفت ویب سائٹ نے لوگوں کے معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے طریقوں کو یکسر تبدیل کر دیا اور بہت جلد یہ ویب سائٹ آن لائین تیز ترین حوالہ جات فراہم کرنے والی صف اول کی ویب سائٹ میں شمار ہونے لگی۔

ایک دہائی قبل جمی ویلز نامی ایک شخص نے Nupedia کے نام سے ایک رسمی سی ویب سائٹ لانچ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کوشش کے ناکام ہو جانے کے بعد آخر کار وہ 15 جنوری 2001 میں وکی پیڈیا کے نام سے ایک مفت آن لائن انسائکلو پیڈیا بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

Screenshot Wikipedia
آن لائین حوالاجات ڈھونڈنے کے لیے وکی پیڈیا سب سے معروف زریعہ بن گیا ہے

جمی ویلز کہتے ہیں کہ جب انہوں نے اس ویب سائٹ کو شروع کیا تھا تو اس کی کامیابی کے امکانات بہت ہی معدوم تھے ۔ وکی پیڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سو گارڈنر کا کہنا ہے،" وکی پیڈیا کے لیےاب صورتحال بلکل مختلف ہے ۔ اب یہ کسی بھی شخص کی سوچ سے زیادہ کامیاب اور انٹرنیٹ کی نہایت مقبول چیزوں میں شمار ہوتی ہے"۔

اس ویب سائٹ پر آج 250 زبانوں میں 26 ملین حوالہ جات ڈھونڈے جا سکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ سے نہ صرف دنیا بھر کےکروڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں ‘وکی پیڈینز’ اس میں ترامیم بھی کرتے رہتے ہیں۔ وکی پیڈیا کی ترامیم کرنے والے ایسے افراد کی تعداد جو مہینے میں کم سے کم پانچ ترمیم کرتے ہیں، اب ایک لاکھ سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

دنیا بھر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے یہ تمام افراد جن میں سے چند بے نام یا گمنام بھی ہیں ، رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات مختلف مقاصد کے لیے مفت فراہم کرتے ہیں۔ وکی پیڈیا کے بانی جمی ویلز کا کہنا ہے،" ان میں سے بہت سے افراد ویب سائٹ پر اس لیے لکھتے ہیں کہ وہ معلومات دوسروں تک پہنچا کر دنیا کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، کیونکہ ان کی نظر میں معلومات تک رسائی انسانی حق ہے۔ کچھ لوگوں کی نظر میں لکھنا تفریح کا بھی ذریعہ ہے۔ وکی پیڈیا کے لیے لکھنے والےزیادہ تر ایسے نوجوان ہیں جو بہت زیادہ معلومات رکھتے ہیں اور انہیں تحریری شکل دے کر وہ لوگوں پر ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ کتنے ذہین ہیں۔"

Wikipedia Screenshot
وکی پیڈیا استعمال کرنے والوں میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعل رکھنے والے افراد شامل ہیںتصویر: wikipedia.org

دوسری جانب اس ویب سائٹ کے ناقدین کا کہنا ہے کہ عام صارفین کی جانب سے انسائیکلو پیڈیا میں کی جانے والی ترامیم ناقابل بھروسہ اور جانبدار ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر یونیورسٹیوں اور اسکولوں کی جانب سے اس کے استعمال سے اجتناب برتا جاتا ہے۔

ناقدین کی رائے چاہے جو بھی، 2006 میں نیچر میگزین کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے مطابق وکی پیڈیا میں دی جانے والی معلومات حیرت انگیز طور پر بلکل صحیح نکلتی ہیں جبکہ اس میں پائی جانے والی غلطیاں انسائیکلو پیڈیا برٹانیکا جیسی مستند انسائکلوپیڈیا کی غلطیوں کے کم و بیش برابر ہی تھیں۔

مالیاتی طور پر غیرمنافع بخش یہ تنظیم حال ہی میں 16 ملین یورو کے فنڈز اکھٹا کرنے میں کامیاب یوئی ہے جبکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں دگنا چندہ دے چکی ہے۔کمپنی کے بانی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انٹرنیٹ کی دنیا کی یہ مشہور ترین ویب سائٹ ہمیشہ غیر منافع بخش بنیادوں پر کام کرتی رہے گی۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان