1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وٹنی ہیوسٹن کی 22 سالہ اکلوتی بیٹی کا انتقال

افسر اعوان27 جولائی 2015

معروف پاپ گلوکارہ وٹنی ہیوسٹن کی 22 سالہ بیٹی بوبی کرسٹینا براؤن انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے اہل خانہ کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ وہ اتوار کی شب ریاست جارجیا کے شہر ڈُولُتھ میں وفات پا گئیں۔

https://p.dw.com/p/1G5Oa
تصویر: Reuters/F. Prouser

امریکی حکام کے مطابق بوبی کرسٹینیا براؤن کی موت کا سبب جاننے کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ آج پیر 27 جولائی کو فُلٹن کاؤنٹی کے میڈیکل ایگزامینر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بوبی کرسٹینیا کے رواں برس جنوری میں بے ہوشی کی حالت میں ملنے کے بعد سے ان کی ہلاکت کے درمیان جو وقت گزرا ہے اس کے باعث وجوہات جاننے کا عمل پیچیدہ ہو سکتا ہے۔

وٹنی ہیوسٹن کی اکلوتی بیٹی بوبی کرسٹینا رواں برس اکتیس جنوری کو اپنے گھر میں باتھ ٹب میں بے ہوش پائی گئی تھیں، جس کے بعد سے وہ کومے کی حالت میں تھیں۔ چھ ماہ قبل ان کی بے ہوشی کی حالت میں ملنے کے واقعے کو پولیس کی طرف سے ڈبوئے جانے کا واقعہ قرار دیا گیا تھا۔

میڈیکل ایگزامینر کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ پوسٹ مارٹم کب کیا جائے گا تاہم یہ ضرور کہا گیا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹوں کے مکمل ہونے اور ان کے نتائج آنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

بوبی کرسٹینا بھی اپنی والدہ کی طرح موسیقی کی دنیا میں نام کمانا چاہتی تھیں لیکن انہیں اس میں کامیابی نہیں ہو سکی تھی۔ انہوں نے اپنی والدہ کی وفات کے بعد اوپرا ونفری کو بتایا تھا کہ وہ اپنی والدہ کی طرح سنگنگ، ایکٹنگ اور ڈانسنگ میں نام بنانے کی خواہش رکھتی ہیں تاہم ان کا کیریئر کبھی شروع نہ ہو سکا۔ وہ سوشل میڈیا پر کافی شہرت رکھتی تھیں۔ ٹوئٹر پر ان کے 11 ہزار سے زائد ٹوئٹیس موجود ہیں جبکہ ان کے فالوورز کی تعداد 164,000 سے زائد ہے۔

معروف گلوکارہ وٹنی ہیوسٹن بھی 2012ء میں ایک ہوٹل کے باتھ ٹب میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں
معروف گلوکارہ وٹنی ہیوسٹن بھی 2012ء میں ایک ہوٹل کے باتھ ٹب میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Steinberg

بوبی کرسٹینا براؤن کے انتقال کی خبر کے بعد معروف اداکاروں اور دوسری سماجی حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ معروف گلوکارہ وٹنی ہیوسٹن بھی 2012ء میں ایک ہوٹل کے باتھ ٹب میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔ انہیں ’امریکا کی سویٹ ہارٹ‘ کہا جاتا تھا اور ان کے میوزیکل کیریئر کے دوران 50 ملین سے زائد ریکارڈز فروخت ہوئے۔ انہوں نے چھ گریمی ایوارڈز بھی حاصل کیے جبکہ ’باڈی گارڈ‘ اور ’پریچرز وائف‘ نامی ہالی ووڈ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے تھے۔