1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وسط ايشيا، طاقت کے عالمی کھيل ميں اہم ميدان

12 جولائی 2012

وسط ايشيا اپنی جغرافيائی تزويراتی حيثيت اور معدنی ذخائر کی وجہ سے طاقت کے عالمی کھيل ميں ايک خاص اہميت رکھتا ہے۔ اس کھيل ميں يورپی يونين بھی شريک ہے۔

https://p.dw.com/p/15Vw4
پاٹريسيا فلور
پاٹريسيا فلورتصویر: DW

اب اُس نے اس خطے ميں سفارتی تانے بانے پرونے کے ليے جرمنی کی پاٹريسيا فلور کو اپنا نيا نمائندہ چنا ہے۔

50 سالہ دبلی پتلی خاتون پاٹريسيا فلور نے يکم جولائی سے اپنا منصب سنبھالا ہے۔ اُن کے دفتر کی ديواروں پر دنيا کے ايک بڑے نقشے کے سوا کچھ اور نظر نہيں آتا۔ وہ يورپی يونين کی خارجہ امور کی ذمہ دار کيتھرين ايشٹن کے ليے قازقستان، کرگزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان ميں يورپی يونين کی نمائندگی کر رہی ہيں۔

پاٹريسيا فلور نے ڈوئچے ويلے کو بتايا کہ اُن کے فرائض ميں خاص طور پر وسط ايشيا کی حکومتوں سے مذاکرات شامل ہيں۔ ان کی ذمہ داری وسط ايشيا کے معاشروں کے دوسرے فريقين سے بھی روابط قائم کرنا ہے، مثلاً اقتصادی شعبے اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے۔

تاجکستان کا دارالحکومت دوشنبے
تاجکستان کا دارالحکومت دوشنبےتصویر: DW

پاٹريسيا فلور اس علاقے کی ماہراور سفارتی ميدان کی ايک منجھی ہوئی کھلاڑی ہيں۔ وہ 2006 سے 2010 تک جارجيا ميں جرمنی کی سفير رہ چکی ہيں۔ اُنہيں وسط ايشيا سے ايک خاص دلچسپی ہے۔

فلور نے کہا کہ وہ وسط ايشيا کے ذمہ دار حلقوں اور حکومتی نمائندوں سے بات چيت ميں اس پر زور ديں گی کہ وہ وہاں قانون پر عملدرآمد کو بہتر بنائيں، علاقے ميں پانی اور ماحول کے مسائل اور باہمی تعاون پر زيادہ توجہ ديں۔

ان سادے سے نظر آنے والے الفاظ کے پيچھے ايک بہت بڑا اور پيچيدہ کام پنہاں ہے: وسط ايشيا ميں تيل اور گيس کے بڑے ذخائر ہيں، حکومتيں جابر اور بد عنوان ہيں، ظلم و جبر کا زور ہے، اسلام کے نام پر مختلف گروہ مار دھاڑ ميں مصروف ہيں، قوميتی کشيدگی اور منشيات اور اسلحے کا ناجائز کاروبار ہے۔ ان سب خرابيوں نے مل کر اس خطے کو بارود کا ايک ڈھير بنا ديا ہے جس ميں کسی وقت بھی آگ بھڑک سکتی ہے۔ اس کے علاوہ بيرونی دباؤ ہے۔ امريکہ، چين اور روس قفقاز سے لے کر ہندوکش تک طاقت اور اثر کی جنگ ميں مصروف ہيں۔ اُن کے ليے وسط ايشيا افغانستان کا ہمسايہ ہونے کی وجہ سے بھی اہم ہے۔ اس کے علاوہ يہ خطہ يورپ، روس اور ايشيا کو آپس ميں ملانے والے اشيا کی منتقلی کے راستے کے لحاظ سے بھی کليدی اہميت رکھتا ہے۔

اس ليے فلورحقيقت پسند ہيں اور يہ جانتی ہيں کہ وہ طاقت کے اس کھيل سے الگ نہيں رہ سکتيں۔ ليکن وہ مشترکہ مفادات کی بنياد پر اشتراک عمل کی خواہاں ہيں جس سے تمام فريقين کو فائدہ ہو۔ فلورنے مثال ديتے ہوئے کہا کہ روس کو منشيات کا کاروبار روکنے ميں دلچسپی ہے اور ہميں بھی۔

R.Bosen/A.Noll/sas/km