1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کے لیے جرمن قومی فٹ بال ٹیم کا اعلان

4 جون 2018

روس میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ میں شرکت کے لیے تیئس رکنی جرمن ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مایہ ناز گول کیپر اور کپتان مانوئل نوئر مکمل فٹ ہو کر اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2yudR
Fußball DFB Pokal Finale Bayern München Eintracht Frankfurt Manuel Neuer beim Aufwärmen
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Stache

جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے پیر کے دن تیئس رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گول کیپر اور کپتان مانوئل نوئر مکمل طور پر فٹ ہیں اور وہ ٹیم کے نمبر ون گول کیپر کی حیثیت سے روس جائیں گے۔

ایسے خدشات تھے کہ نوئر شايد بروقت فٹ نہ ہوں اور انہیں ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ نہ بنایا جائے۔ تاہم ان کی قومی ٹیم میں شمولیت ٹیم کے مورال کے لیے انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔

جرمن قومی فٹ بال ٹیم کی ’گولڈن جنریشن‘

ناقدین کے مطابق بنڈس لیگا میں بائرن میونخ کی نمائندگی کرنے والے نوئر فٹ بال کی تاریخ کے بہترین گول کیپرز میں سے ایک ہیں اور ان کی موجودگی سے ٹیم میں ایک نئی جان پیدا ہو جاتی ہے۔ انجری کے بعد ایک سرجری کے نتیجے میں نوئر گزشتہ تقریباً نو ماہ سے فٹ بال کھیلنے سے قاصر تھے۔ طویل وقفے کے بعد نوئر نے اپنا پہلا میچ ہفتے کے دن آسٹریا کے خلاف کھیلا۔ روسی شہر کالینن گراڈ میں کھیلے گئے اس دوستانہ میچ میں جرمنی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست ہو گئی تھی۔

عالمی کپ سن دو ہزار اٹھارہ وسط جون سے شروع ہو گا۔ جرمنی کا پہلا میچ سترہ جون کو میکسیکو کے خلاف ہو گا۔ جرمنی کے تیئس رکنی اسکواڈ میں حیرت انگیز طور پر  لیورے سانے کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی سانے نے اس مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ڈراپ کیے جانے والے دیگر کھلاڑیوں میں جوناتھن تھا، نیلز پیٹرسن اور بیرنڈ لینو شامل ہیں۔

لوو نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اطالوی علاقے ایپن میں ٹریننگ کے لیے جانے والے ستائیس کھلاڑیوں میں سے جن چار کو ڈراپ کیا گیا، وہ بہت مایوس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا ایونٹ ہے اور ہر کھلاڑی اس میں شرکت کے لیے بے قرار تھا۔ لوو کے مطابق تاہم انہوں نے تيئس بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا تھا۔

روس میں ہونے والے اس عالمی کپ میں جانے والی جرمن قومی فٹ بال ٹیم میں تیرہ کھلاڑی ایسے ہیں، جنہیں ابھی تک ورلڈ کپ کا کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔ ان میں جرمن اسٹار مارکو روئیس بھی شامل ہیں، جو انجری کے باعث سن دو ہزار چودہ کے عالمی کپ مقابلوں میں شرکت سے محروم ہو گئے تھے۔

WM 2018 - Nominierung des endgültigen WM-Kaders Löw
جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے پیر کے دن تیئس رکنی اسکواڈ کا اعلان کیاتصویر: Getty Images/Bongarts//A. Hassenstein

ورلڈ کپ 2018 کے لیے تیئس رکنی جرمن اسکواڈ

گول کیپرز

مانوئل نوئر

مارک آندرے ٹیئر شٹیگن

کیون ٹراپ

دفاعی کھلاڑی

یوزوا کیمش

میٹس ہیوملز

جیروم بوآئٹنگ

نکلاس زولا

آنٹینیو روڈیگر

یوناس ہیکٹوور

مارون پلاٹن ہارٹ

ماتھیاس گِنٹر

مڈ فیلڈر

ٹونی کروس

سمیع خدیرا

الکائے گونڈوآن

سباستیان روڈی

ژولیان ڈراکسلر

تھوماس ملر

محسوت اوزل

مارکو روئیس

ژولیان برانٹ

لیون گورٹزکا

اسٹرائیکر

ٹیمو ویرنر

ماریو گومز

ع ب / ع س / میٹ فورڈ