1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کے دوران بھکاریوں کو ’غائب‘ کرنے کا منصوبہ

30 جنوری 2011

کرکٹ کے عالمی مقابلوں کا میلہ سجنے میں کچھ ہی دن رہ گئے ہیں جبکہ میزبان ممالک بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش خود کو بہترین میزبان ثابت کرنے کی کوششوں میں جُتے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/107Q9
تصویر: AP

ڈھاکہ حکومت نے اس سلسلے میں غیر ملکی تماشائیوں کو ممکنہ پریشانی سے بچانے اور ملک کا بہتر امیج پیش کرنے کے لئے سڑکوں سے بھکاریوں کو ’غائب‘ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ڈھاکہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سلسلے میں حکومت سینکڑوں بھکاریوں کو معاوضہ ادا کرکے ان سے سڑکوں پر نہ آنے کی درخواست کرے گی۔

چٹاگانگ شہر کے میئر منظور عالم کے مطابق کم از کم تین سو معذور بھکاریوں کو یومیہ بنیادوں پر 150 ٹکا دیے جائیں گے جو دو امریکی ڈالر کے قریب رقم بنتی ہے۔

Eden Gardens
‌آئی سی سی کی ٹیم ایڈن گارڈن کا دورہ کرتے ہوئےتصویر: Prabhakar Mani Tiwari

17 فروری کو ڈھاکہ میں عالمی کپ کے لئے مقابلوں کی افتتاحی تقریب کے بعد اس ادائیگی کے سلسلے کا آغاز ہوگا۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں چھ اور بندرگاہی شہر چٹاگانگ میں دو میچ شیڈول ہیں۔

منظور عالم نے بتایا ہے کہ وہ کم از کم دو ماہ تک بھکاریوں کو سڑکوں پر دیکھنا نہیں چاہتے۔ ’’ ہم ایک معتبر ایونٹ کی میزبانی کر رہے ہیں، اس دوران بہت سارے سیاح بنگلہ دیش آئیں گے اور ہم نہیں چاہتے کہ وہ یہاں بھکاریوں کو دیکھیں۔‘‘ 2005ء میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق بنگلہ دیش میں سات لاکھ سے زائد بھکاری موجود ہیں۔

بنگلہ دیشی عوام پہلی بار اپنے ملک میں عالمی مقابلے کی میزبانی پر بہت زیادہ خوش ہیں۔ ملکی ٹیم کے قائد شکیب الحسن، ایک سپر سٹار کی حیثیت رکھتے ہیں اور نیوزی لینڈ کو ہوم سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے۔

پڑوسی ملک بھارت میں دولت مشترکہ کھیلوں کے دوران بھی دارالحکومت دہلی کی سڑکوں سے بھکاریوں کو ’غائب‘ کردیا گیا تھا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہلی سرکار نے ان بھکاریوں کو گاڑیوں میں بھر کر دور دراز علاقوں میں منتقل کردیا تھا۔ کرکٹ کے عالمی کپ کی میزبانی کے لئے بظاہر بھارت تیار نظر آرہا ہے۔

Cricket Weltmeisterschaft 2011
بنگلہ دیش کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے سبب زیادہ پر اعتماد ہےتصویر: AP

بھارتی شہر کولکتہ کا تاریخی میدان ایڈن گارڈن البتہ ایک میچ کی میزبانی کے اعزاز سے محروم ہوگیا ہے۔ کرکٹ کے بین الاقوامی نگران ادارے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یہاں بھارت اور انگلینڈ کے میچ منعقد نہ کروانے کا اعلان کردیا ہے۔ عین ممکن ہے کہ میچ اب بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے۔ ایڈن گارڈن کو یہ ’سزا‘ بروقت انتظامات نہ کرنے پر دی گئی ہیں۔

19 فروری کو بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ سے عالمی مقابلوں کا آغاز ہوگا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 23 فروری کو کینیا کے خلاف کھیلے گا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں