1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ: اختتامی لمحات ميں گول، جرمنی کی سويڈن کے خلاف فتح

24 جون 2018

فٹ بال ورلڈ کپ کی دفاعی چيمپئن ٹيم جرمنی نے گزشتہ شب سويڈن کے خلاف اپنے ميچ ميں فتح حاصل کرتے ہوئے لاکھوں مداحوں کے دل جيت ليے۔ دريں اثناء اب تک اس ٹورنامنٹ کی سب سے بہترين ٹيم بيلجيم نے بھی کاميابی کا سلسلہ جاری رکھا۔

https://p.dw.com/p/30ATe
WM Russland 2018 I Deutschland vs Schweden - Toni Kroos
تصویر: picture-alliance/AP/F. Augstein

جرمن قومی فٹ بال ٹيم کے کوچ يوآخم لوو سويڈن کے خلاف اپنی ٹيم کی فتح سے مطمئین بھی ہيں اور يہ توقع بھی کر رہے ہيں کہ کاميابی کا يہ سلسلہ ورلڈ کپ کے آئندہ ميچوں ميں بھی جاری رہے گا۔ جرمنی نے روس ميں جاری ورلڈ کپ کے اپنے ابتدائی ميچ ميں ميکسيکو کے ہاتھوں شکست کے بعد گزشتہ روز يعنی ہفتے تيئیس جون کو اپنے دوسرے ميچ ميں سويڈن کو دو ايک سے مات دی۔ جرمنی کے ليے يہ ٹورنامنٹ کا دوسرا مگر انتہائی اہم ميچ اس ليے تھا کيونکہ اس ميں ناکامی يا برابری کی صورت ميں اس کے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات کافی کم ہو جاتے۔

روسی شہر سوچی ميں کھيلے گئے ميچ ميں سويڈن کے کھلاڑی اولا ٹوئيونن نے ميچ کے بتيسويں منٹ ميں ٹونی کروس کی ايک غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ٹيم کو برتری دلوا دی تھی تاہم مارکو ريئوس نے يہ برتری دوسرے ہاف کے شروع ميں ختم کر دی۔ يوں يہ ميچ ايک ايک گول سے برابر تھا اور دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات ميں کروس نے ايک فری کک پر جرمنی کے ليے دوسرا اور فيصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹيم کو جتوا ديا۔

گزشتہ روز کھيلے گئے ديگر ميچوں ميں ميکسيکو نے جنوبی کوريا کو دو ايک سے شکست دی جبکہ بيلجيم نے تيونس کو پانچ دو سے ہرايا۔

آج بروز اتوار انگلينڈ کا مقابلہ پاناما سے ہے جبکہ جاپان، سينيگال کے خلاف ميدان ميں اترے گا۔ آج کا تيسرا ميچ پولينڈ اور کولمبيا کے مابين کھيلا جائے گا۔

ع س / ص ح، نيوز ايجنسياں