1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیپال میں پھر زلزلہ: درجنوں ہلاکتیں

عاطف توقیر12 مئی 2015

نیپال میں منگل کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس نئے زلزلے کی شدت سات اعشاریہ تین تھی جب کہ اس کے بعد ضمنی جھٹکوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ اس نئے زلزلے کی وجہ سے درجنوں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/1FOXu
تصویر: Reuters/A. Perawongmetha

صرف 17 روز قبل نیپال میں 7.8 کی شدت کے ایک زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ ہزار افراد مارے گئے، جب کہ قریب نصف ملین مکانات تباہ ہوئے۔

منگل کے روز نیپال کی وزارت داخلہ کے ترجمان لکشمی دھکل نے بتایا، ’ہمیں فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ اس زلزلے کی وجہ سے کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’ہمیں کھٹمنڈو میں متعدد عمارات کے انہدام کی اطلاعات ہیں، مگر ہم یہ نہیں جانتے کہ اس میں کتنے افراد مارے گئے۔‘

ایک مقامی پولیس افسر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس زلزلے کے بعد متعدد افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

ادھر ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے سے بھی چار زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ یہ بچے ایک اسکول کی دیوار گرنے کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔

اے ایف پی کے مطابق اس زلزلے کی وجہ سے اس اسکول کو شدید نقصان پہنچا اور بچوں نے کلاس رومز سے باہر دوڑ کر اپنی جانیں بچائیں۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہیومینیٹیرین افیئرز نے بھی اس نئے زلزلے کی وجہ سے متعدد عمارات کے انہدام کی تصدیق کی ہے۔

Nepal Kathmandu erneutes Erdbeben Stärke 7.4
اس زلزلے میں متعدد عمارتوں کے انہدام کی اطلاعات ہیںتصویر: Getty Images/AFP/P. Mathema

اے ایف پی کے مطابق کھٹمنڈو سے جنوب مشرق کی جانب 120کلومیٹر دور واقع علاقے سندھولی میں بھی متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اس شہر کو گزشتہ زلزلے سے بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔ اے ایف پی کے مطابق اس علاقے میں بچے کھچے مکانات بھی منہدم ہو گئے۔

منگل کے روز یہ زلزلہ عالمی وقت کے مطابق صبح سات بج کر پانچ منٹ پر دارالحکومت کھٹمنڈو سے 83 کلومیٹر مشرق میں آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.4 کی شدت کے اس زلزلے کے بعد اگلے دو گھنٹوں میں پانچ ضمنی جھٹکے محسوس کیے گئے، جن میں سات بج کر 36 منٹ پر آنے والا 6.3 کی شدت کا ایک ضمنی جھٹکا بھی شامل ہے۔

زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے بھارتی ریاستوں بہار اور نئی دہلی تک میں محسوس کیے گئے جب کہ چین کے زیرانتظام علاقے تبت میں بھی متعدد عمارات کو نقصان پہنچا۔

بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کے نتیجے میں بھارتی ریاست بہار میں متعدد مکانات گرنے کی وجہ سے تین لڑکیاں ہلاک ہو گئیں۔

اے ایف پی کے مطابق اس زلزلے کی وجہ سے اب تک نیپال میں جن افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، ان کا تعلق کھٹمنڈو کے مشرق میں واقعے ضلع چوتارا سے ہے۔ 25 اپریل کو آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے بھی اس علاقے کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔