1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو کا لیبیا مشن: شہری ہلاکتوں کی تحقیقات کا روسی مطالبہ

20 دسمبر 2011

اقوام متحدہ میں روسی سفیر نے مطالبہ کیا ہے کہ لیبیا میں معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کی وجہ بننے والے نیٹو فضائی حملوں کے دوران شہری ہلاکتوں کے واقعات کی جامع اور مکمل طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔

https://p.dw.com/p/13VqI
تصویر: picture-alliance/dpa

نیو یارک سے ملنے والی رپورٹوں میں خبر ایجنسی روئٹرز نے عالمی ادارے میں روس کے سفیر ویٹالی چُرکن کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ روسی سفارتکار نے یہ مطالبہ ان رپورٹوں پر اپنے رد عمل میں کیا کہ لیبیا میں نیٹو جنگی طیاروں کے حملوں میں بہت سی شہری ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔

روئٹرز نے گزشتہ جمعے کو یہ اطلاع دی تھی کہ لیبیا میں کئی مہینوں تک جاری رہنے والے نیٹو فضائی آپریشن کے دوران انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے مختلف گروپوں کے مطابق 50 سے زائد عام شہری بھی مارے گئے تھے۔ بعد میں امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نےاپنی اتوار کی اشاعت میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ نیٹو کی قذافی مخالف فضائی کاررائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے عام شہریوں کی تعداد کا اندازہ 40 اور 70 کے درمیان تک لگایا جاتا ہے۔

Flash-Galerie Libyen nach dem Tod Gadhafis
نیٹو نے کئی ماہ تک لیبیا میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایاتصویر: picture-alliance/dpa

اس تناظر میں اقوام متحدہ میں روسی سفیر ویٹالی چُرکن نے مقامی وقت کے مطابق پیر کی شام نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو ابھی تک عالمی سلامتی کونسل کو اس بارے میں کوئی بھی تفصیلی اعداد و شمار مہیا کرنے میں ناکام رہا ہے کہ لیبیا میں اس اتحاد کے فضائی مشن کے دوران کتنے عام شہری ہلاک ہوئے۔

ویٹالی چُرکن نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ اسی ہفتے جمعرات کو 15 رکنی سلامتی کونسل میں یہ موضوع اٹھائیں گے، ’یہ بات قابل افسوس ہے کہ نیٹو نے اپنے اس مشن کے حوالے سے محض ایک پروپیگنڈا مؤقف اختیار کیا۔ نیٹو نے لیبیا میں شہری ہلاکتوں کی تعداد صفر بتائی جو اول تو ممکن نہیں اور دوسرے بالکل غلط ہے۔‘

اقوام متحدہ میں روسی سفیر نے امید ظاہر کی کہ نیٹو کی طرف سے اس پورے معاملے کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور لیبیا میں فضائی حملوں کے دوران اور ان کی وجہ سے ہونے والی سویلین ہلاکتوں کی بھرپور چھان بین کی جائے گی۔ ویٹالی چُرکن نے یہ بھی کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ان انسانی ہلاکتوں کی تحقیقات میں خود اقوام متحدہ کی طرف سے بھی مدد کی جا سکتی ہے۔

عالمی ادارے میں ماسکو کے سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون پر بھی اس وجہ سے تنقید کی کہ ان کے بقول بان کی مون نے گزشتہ ہفتے یہ تاثر دینے کی کوشش کی تھی کہ نیٹو نے عالمی ادارے کی طرف سے دیے گئے شہری آبادی کے تحفظ کے مینڈیٹ کا پورا احترام کیا تھا۔

اقوام متحدہ میں لیبیا کے سفیر ابراہیم دباشی کے مطابق ان کی رائے میں اس سلسلے میں نیٹو کی طرف سے کسی چھان بین کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا کی خانہ جنگی میں 40 ہزار سے زائد انسان ہلاک ہوئے اور اگر نیٹو کے فضائی حملوں کے دوران چند عام شہری بھی مارے گئے تھے، تو یہ واقعات قابل افسوس ہونے کے باوجود ناگزیر تھے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں