1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نظام شمسی سے باہر زمین سے ملتے جلتے سیارے کی دریافت

15 نومبر 2017

یورپ کی جنوبی رصد گاہ سے ملنے والی خبروں کے مطابق نظام شمسی سے باہر نیا دریافت ہونے والا سیارہ اپنی طرز کے چند دیگر ایسے سیاروں میں شامل ہو سکتا ہے جہاں نظری طور پر زندگی کا وجود ممکن ہے۔

https://p.dw.com/p/2ngXX
Symbolbild Exoplanet GJ 1214b
تصویر: NASA/ESA/D. Aguilar

یورپین جنوبی رصد گاہ یا ’ای ایس او‘ کے مطابق نئے دریافت شدہ سیارے کو ’روز 128 بی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ نیا سیارہ ’ورگو‘ نامی ستاروں کے بڑے جھرمٹ میں ایک ستارے یعنی اپنے سورج کے گرد مدار میں گھوم رہا ہے اور یہ شمسی نظام سے باہر صرف گیارہ نوری سالوں کے فاصلے پر مقابلتا قریب واقع ہے۔

ایک نوری سال 9.46 کھرب کلو میٹر کے فاصلے کے برابر ہوتا ہے۔ تاہم فرانسیسی ریسرچ سینٹر ’سی این آر ایس‘ کے ماہر فلکیات زاوئیر بونفلز کا کہنا ہے کہ بین الکہکشانی معنوں میں یہ فاصلہ اتنا زیادہ نہیں۔

بونفلز نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا،’’ روز 128 بی بہت قریب ہے۔ ہم اسے ’ای ای ایل ٹی‘ جیسی بڑی ٹیلیسکوپ سے دیکھ سکیں گے۔‘‘

محققین کا کہنا ہے کہ روز 128 بی پر ممکنہ طور پر زندگی کی موجودگی کے قوی آثار مل سکتے ہیں کیونکہ ’’اس کا حجم بھی قریب اُتنا ہی ہے جتنا کہ ہماری زمین کا۔ علاوہ ازیں اس سیارے کا درجہ حرارت بھی بالکل زمین جیسا ہو سکتا ہے۔‘‘ اس طرح کی صورت حال میں عموماﹰ مائع پانی کی موجودگی ممکن ہو سکتی ہے جو زندگی کے وجود کے لیے ناگزیر ہے۔

نظام شمسی سے باہر موجود سیاروں کو ایکسو پلینِٹ کہا جاتا ہے۔ اب تک چند ہزار ایکسو پلینٹس دریافت ہو چکے ہیں تاہم ان میں سے پچاس کو ممکنہ طور پر قابل رہائش قرار دیا جاتا ہے۔