1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نامور جرمن کیمرہ مین بال ہاؤس کا انتقال، ہالی وُڈ سوگوار

علی کیفی dpa
13 اپریل 2017

ہالی وڈ کے مشہور ترین جرمن کیمرہ مین مشائیل بال ہاؤس کا اکیاسی برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ اُنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ہالی وُڈ کے کئی بڑے اور نامور ڈائریکٹرز کے ساتھ بھی کام کیا۔

https://p.dw.com/p/2bBg5
Deutschland Michael Ballhaus
تصویر: picture-alliance /dpa/A. Warmuth

بال ہاؤس کے پبلشنگ ہاؤس ’ڈی وی اے زاخ بُخ‘ نے اُن کے اہلِ خانہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار چلے آ رہے تھے اور اُن کا انتقال جرمن دارالحکومت برلن میں اُن کے اپارٹمنٹ میں ہوا۔

بال ہاؤس نے ہالی وُڈ کے جن نامور فلم ہدایتکاروں کے ساتھ مل کر کام کیا، اُن میں مارٹِن سکورسیسی، فرانسس فورڈ کپولا، رابرٹ ریڈ فورڈ، رائنر ویرنر فاس بِنڈر اور مائیک نکولس شامل ہیں۔

بال ہاؤس اور چوہتر سالہ سکورسیسی نے 1985ء میں کم بجٹ والی ’آفٹر ہاؤس‘ سے لے کر 2006ء میں ایک سو ملین ڈالر کی لاگت والی ’دی ڈیپارٹڈ‘ تک، جس میں لیونارڈو ڈے کاپریو اور جیک نکلسن نے کام کیا تھا، مل کر سات فلمیں بنائیں۔

Berlinale 2014 Michael Ballhaus Martin Scorsese
ہالی وُڈ کے نامور فلم ڈائریکٹر مارٹن سکورسیسی (دائیں) اور مشائیل بال ہاؤس 2014ء میں برلینالے کی ایک تقریب میںتصویر: picture-alliance/Geisler-Fotopress

سکورسیسی نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں اپنے دوست بال ہاؤس کے انتقال پر گہرا صدمہ ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بیس سال سے زیادہ عرصے تک اُن کی بال ہاؤس کے ساتھ نہ صرف ایک بہت ہی تخلیقی شراکت رہی بلکہ وہ ایک قریبی اور پائیدار دوستی کے رشتے میں بھی بندھے رہے: ’’وہ ایک شاندار انسان تھے، جن کا چہرہ مشکل حالات میں بھی ہمیشہ ایک خوبصورت مسکراہٹ سے جگمگاتا رہتا تھا۔ جو بھی اُنہیں جانتا ہے، اُس کی یاد میں اُن کی مسکراہٹ ہمیشہ محفوظ رہے گی۔‘‘ سکورسیسی نے کہا کہ اُنہوں نے اپنی زندگی میں بال ہاؤس سے بہت کچھ سیکھا اور اُن کا انتقال اُن کے لیے ایک ’ذاتی نقصان‘ ہے۔

ہالی وُڈ کے مشہور جرمن فلم ڈائریکٹر وولف گانگ پیٹرسن نے بھی، جن کی عمر چھہتر برس ہے، کیمرہ مین بال ہاؤس کی موت کو ’ایک بڑا دھچکا‘ قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بال ہاؤس کے ساتھ اُن کی پہلی ملاقات نصف صدی قبل برلن کی فلم یونیورسٹی میں ہوئی تھی، جہاں بال ہاؤس بطور اُستاد پڑھایا کرتے تھے۔ بعد میں اِن دونوں نے ہالی وُڈ میں 1995ء میں ممتاز امریکی اداکار ڈسٹن ہوفمین کے ساتھ فلم ’آؤٹ بریک‘ بنائی اور 1997ء میں ’ایئر فورس وَن‘ بنائی، جس میں نامور امریکی اداکار ہیرسن فورڈ کو امریکی صدر کے طور پر دہشت گردوں کے ساتھ لڑتے دکھایا گیا تھا۔

پیٹرسن کے مطابق بال ہاؤس کیمرے کو شاندار طریقے سے حرکت میں لایا کرتے تھے اور اُن کے فن کی خاص بات روشنی کے ساتھ کی جانے والی جادوگری ہوتی تھی۔

Goldener Ehrenbär für Kameramann Michael Ballhaus
مشائیل بال ہاؤس سن 2016ء میں برلن کے فلمی میلے ’برلینالے‘ کی جانب سے فلم کے لیے اپنی عمر بھر کی خدمات کے بدلے میں دیے گئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے ساتھتصویر: picture-alliance/Xinhua/Z. Fan

مشائیل بال ہاؤس نے جن درجنوں فلموں کی عکاسی کی، اُن میں ہالی وُڈ کی مشہور فلمیں ’گُڈ فَیلاز‘ (1991)، ’بریم سٹاکرز ڈریکولا‘ (1992)، ’گینگز آف نیویارک‘ (2002) اور ’دی ڈیپارٹڈ‘ (2006) بھی شامل ہیں۔

مشائیل بال ہاؤس تین بار بہترین سینماٹوگرافر کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے، 1987ء میں ’براڈکاسٹ نیوز‘ کے لیے، 1989ء میں ’دی فیبُولس بیکر بوائز‘ کے لیے اور آخر میں ’گینگز آف نیویارک‘ کے لیے۔

سن 2016ء میں اُنہیں برلن کے فلمی میلے ’برلینالے‘ کی جانب سے فلم کے لیے اُن کی عمر بھر کی خدمات کے بدلے میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔