1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی ویڈیو گیم کا ہیرو مائیکل جیکسن

17 جون 2010

عالمی سطح پر ویڈیو گیم ایک انتہائی سائنسی اور تفریحی کلچر کی علامت بن چکا ہے۔ نت نئے گیمز کو متعارف کروانے میں کئی ادارے مصروف عمل ہیں۔ لیجنڈری مائیکل جیکسن کو ایک بار پھر ویڈیو گیم میں متعارف کروایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/Nsj1
مائیکل جیکسن: فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/ dpa

فرانس کی ویڈیو گیم اور کمپیوٹر آرٹ کی بین الاقوامی شہرت کی کمپنی یوبی سوفٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ڈانس گیم کو بہت جلد مارکیٹ کرنے والی ہے اور اس گیم میں مشہور امریکی گلوکار مائیکل جیکسن کے کردار کو ڈھالا جائے گا۔ نئی گیم کے لئے فی الحال کوئی برانڈ نام منتخب نہیں کیا گیا ہے۔ یوبی سوفٹ کے گیم بنانے والوں کا خیال ہے کہ اس گیم کے دو فائدے ہوں گے۔ ایک اس کے کھیلنے سے ورزش کا پہلو سامنے آئے گا اور دوسرے نوجوان اور نوعمر مائیکل جیکسن کے مشینی کردار کے ساتھ ڈانس کی پریکٹس یا مشق کر سکیں گے۔

امریکی شہر لاس اینجلیز میں یوبی سوفٹ کے ترجمان ’ٹونی کی‘ کا کہنا تھا کہ اس گیم کے ذریعے نئی نسل کے نوجوان بڑی آسانی کے ساتھ جیکسن کی طرح ناچنا سیکھ جائیں گے۔ گیم کھیلتے ہوئے جیکسن کی طرح پرفارمانس پر ہی پوائنٹ کا سسٹم شامل کیا جائے گا۔ گیم کی ریلیز کا ماہ نومبر قرار دیا گیا ہے اور اسی ماہ مائیکل جیکسن کی موت کے بعد ان کےریلیز نہ ہونے والے گانوں کے البم کو بھی ریلیزکرنے کا پلان کیا گیا ہے۔ نئی البم میں کامیاب گیت ’بلی جین‘ سمیت ’بیٹ اِٹ‘ کو شامل کیا گیا ہے۔

This is It Flash-Galerie
مائیکل جیکسن پر بنائی گئی فلم کا پوسٹرتصویر: Sony Pictures

امید کی جا رہی ہے کہ یہ گیم اس سال کے آخر تک مارکیٹ کردی جائے گی۔ اس گیم میں کمپیوٹر دنیا کی حیران کن موشن ڈٹیکشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی میں ایک ایسے کمپیوٹرآلے کا استعمال کیا جاتا ہے جو انسانی بدن کی حرکات کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو کیمروں میں بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ موشن ڈٹیکشن ٹیکنالوجی جامع سکیورٹی سسٹم کا اہم حصہ خیال کیا جاتا ہے۔ ڈانس کی مناسبت سے کئی اور ویڈیو گیم کے ادارے بہت جلد بہت ساری گیمز کو ریلیز کرنے والے ہیں۔ ان سب میں موشن ڈٹیکشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل مائیکل جیکسن کے کردار پر مبنی دو گیمز متعارف کروائی جا چکی ہیں۔ ان میں سے ایک سن 1999 میں مارکیٹ کی گئی تھی اور اس میں مشہور امریکی گلوکار کا نام سپیس مائیکل اور گیم کا نام سپیس چینل 5 تھا۔ اس سے قبل سن 1989 میں بھی آنجہانی گلوکار کے حوالے سے مون واکر گیم کو جاری کیا گیا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں