1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی دہلی میں بم دھماکہ، کم از کم نو افراد ہلاک

7 ستمبر 2011

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہائی کورٹ کے سامنے ہونے والے بم دھماکے میں ہلاک شدگان کی تعداد کم از کم نو ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد اس حملے کے نتیجے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12UB9
تصویر: dapd

حکام کے مطابق بدھ کے روز ہونے والے اس بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 45 کے قریب ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔  

بھارتی سیکریٹری داخلہ آر کے سنگھ نے ایک مقامی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ میں ہزاروں افراد مختلف مقدمات کی پیروی کے سلسلے میں موجود ہوتے ہیں اور یہ دھماکہ اس وقت ہوا، جب ہائی کورٹ اور اس کے باہر سینکڑوں افراد موجود تھے۔ حکام نے اسے سوٹ کیس بم دھماکہ قرار دیا ہے۔

فی الحال کسی گروپ یا تنظیم کی جانب سے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔ مقامی ٹیلی ویژن پر نظر آنے والے مناظر میں دھماکے کے بعد افراتفری کا ماحول تھا اور درجنوں وکلاء عمارت سے باہر بھاگتے ہوئے نظر آئے۔ پولیس نے ہائی کورٹ کی عمارت اور متصل علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ اس جانب آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کی عمارت بھارتی وزیراعظم کی رہائش گاہ سے زیادہ دور واقع نہیں ہے۔

وزارت داخلہ سے وابستہ اعلٰی افسر یو کے بنسال کے مطابق، ’بظاہر یہ ایک درمیانی شدت کا بم دھماکہ تھا۔ جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا گیا ہے جبکہ نئی دہلی میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔‘

 رپورٹ: عاطف توقیر/ خبر رساں ادارے

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں