1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میں نسل پرست نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

صائمہ حیدر
15 جنوری 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نسلی عصبیت کے حامی نہیں ہیں۔ مبینہ طور پر ٹرمپ نے ہیٹی، ایل سلواڈور اور افریقی اقوام کو ’گندگی کا منبع‘ قرار دیا تھا جس کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2qqnL
USA Donald Trump
تصویر: picture alliance/dpa/AP Photo/E. Vucci

صدر ٹرمپ نے اتوار کے روز امریکی ریاست فلوریڈا میں ’ٹرمپ انٹرنیشنل گولف‘ کورس پہنچنے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا،’’ میں نسل پرست نہیں ہوں۔ میں اُن تمام افراد میں سب سے کم نسل پرست ثابت ہوں گا جن کا آپ نے انٹرویو کیا ہو گا یا آئندہ زندگی میں کریں گے۔ کیا آپ نے دیکھا تھا کہ کمرے میں موجود مختلف سینیٹروں نے میرے بارے میں کیا کہا۔؟‘‘

اس سے قبل صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں سینیٹرز کے ایک گروپ کے ساتھ امیگریشن کے موضوع پر ہونے والی ایک میٹنگ میں سخت زبان کے استعمال کا اعتراف کر چکے ہیں لیکن اُنہوں نے تحقیرانہ رویے سے انکار کیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قرہبی اتحادی اور ری پبلکن جماعت کے سینیٹر ڈیوڈ پر ڈیو نے اتوار کے روز اے بی سی ٹی وی چینل کو بتایا کہ افریقی ممالک سے متعلق امریکی صدر کے بیان کی درست تفہیم نہیں کی گئی ہے۔ ڈیوڈ پرڈیو جمعرات کو امیگریشن کے حوالے سے ہونے والی  میٹنگ میں موجود تھے۔ پر ڈیو کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں جو ہوا، میڈیا میں آنے والی رپورٹوں نے اسے غلط طور پر پیش کیا ہے نیز یہ کہ کمرے میں موجود چھ سینیٹرز میں سے صرف ایک رچرڈ ڈربن نے صدر ٹرمپ کے الفاظ کے مبینہ غلط انتخاب پر اعتراض کیا تھا۔

صدر ٹرمپ کی سینیٹرز کے ساتھ ملاقات میں جو کچھ ہوا، اس کے حوالے سے رپورٹیں مختلف ذرائع سے موصول ہوئی ہیں تاہم نام صرف رچرڈ ڈربن کا لیا گیا ہے۔ ری پبلیکن جماعت کی سینیٹر نے اس بات سے تو انکار نہیں کیا کہ ٹرمپ نے افریقی ممالک کے لیے ’ گندگی کا منبع ممالک‘ کے الفاظ استعمال کیے تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ ٹرمپ نے اپنے تبصرے کا دفاع کیا۔

امریکی صدر ٹرمپ کے اپنے دفاع میں حالیہ بیان سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اب امریکا کی بڑی سیاسی جماعتوں، ریپبلیکن اور ڈیموکریٹس کے درمیان اُس امریکی امیگریشن پروگرام پر معاہدہ ہو سکے گا جس کے تحت ہزاروں ایسے افراد کو ملک بدر کیے جانے پر پابندی عائد کی جا سکے گی جو کمسنی میں غیر قانونی طور پر امریکا لائے گئے تھے۔